حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد کے چادرگھاٹ علاقے میں موسیٰ ندی میں گرنے والی ایک خاتون کو مقامی افراد اور پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بحفاظت بچا لیا۔
اطلاعات کے مطابق خاتون نامعلوم وجوہات کی وجہ سے اچانک ندی میں گر گئی جس کے بعد وہاں موجود لوگوں میں ہلچل مچ گئی۔ مقامی افراد نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی جبکہ بعض نوجوانوں نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر خاتون کو باہر نکالنے کی کوشش کی۔
پولیس اور ریسکیو عملہ موقع پر پہنچا اور مشترکہ کوششوں کے بعد خاتون کو پانی سے باہر نکال لیا گیا۔ بعد ازاں انہیں فوری طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق اگر بروقت مدد نہ پہنچتی تو بڑا حادثہ پیش آ سکتا تھا۔ سوشل میڈیا پر مقامی نوجوانوں اور پولیس کی فوری کارروائی کی ستائش کی جا رہی ہے۔


