(دکن فائلز) فریضۂ حج کی سعادت حاصل کرنے کے بعد دنیا بھر سے آئے لاکھوں حجاج کرام اب اپنے اپنے وطن واپس لوٹ رہے ہیں، لیکن بیت اللہ سے جدائی کے یہ لمحات ہر دل کو رنجیدہ اور ہر آنکھ کو اشکبار کر رہے ہیں۔ مسجد الحرام کے مقدس صحنوں میں ایسے روح پرور اور ایمان افروز مناظر دیکھنے میں آئے جنہوں نے دنیا بھر کے مسلمانوں کے دلوں کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔

حج کے تمام مناسک کی تکمیل کے بعد حجاج کرام خانۂ کعبہ کے گرد جمع ہو کر رقت آمیز انداز میں دعائیں مانگتے رہے۔ کئی عازمین غلافِ کعبہ کو تھامے سسکیاں لیتے نظر آئے، جبکہ بعض بیت اللہ کی دیواروں سے لپٹ کر بار بار یہی دعا کرتے رہے کہ ’’یا اللہ! ہمیں دوبارہ اپنے گھر کی حاضری نصیب فرما۔‘‘

مسجد الحرام کا ماحول ان لمحات میں انتہائی روحانی کیفیت اختیار کر گیا تھا۔ ہر طرف بلند ہوتے ہاتھ، بہتے آنسو، کانپتے لب اور اللہ تعالیٰ کے حضور عاجزانہ دعائیں ایک ایسا منظر پیش کر رہے تھے جسے الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔ حجاج کرام اپنے گناہوں کی معافی، امت مسلمہ کے اتحاد، فلسطین سمیت دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کی نصرت اور اپنے اہل خانہ کی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کرتے رہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر اور ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اللہ کے مہمان انتہائی بھاری دل کے ساتھ بیت اللہ کو الوداع کہہ رہے ہیں۔ ان مناظر نے کروڑوں مسلمانوں کو جذباتی کر دیا ہے اور ہر شخص ان لمحات کو حج کی سب سے درد بھری لیکن یادگار ساعت قرار دے رہا ہے۔

عازمین کا کہنا ہے کہ حج کا یہ مبارک سفر ان کی زندگی کا سب سے قیمتی سرمایہ ہے۔ بیت اللہ اور روضۂ رسول ﷺ کی حاضری نے ان کی زندگیوں کو نئی روحانی توانائی عطا کی ہے اور وہ اپنے دلوں میں ان مقدس لمحات کی لازوال یادیں لے کر واپس لوٹ رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں