کویت ایئرپورٹ پر ایرانی حملے کے بعد جانی نقصان اور شدید تباہی، ایمرجنسی نافذ! پاسدارانِ انقلاب کی امریکہ کو سخت دھمکی، ایران۔امریکہ کشیدگی میں خطرناک اضافہ

حیدرآباد (دکن فائلز) خلیج میں ایران اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی ایک نئے مرحلے میں داخل ہو گئی ہے۔ کویتی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی میزائلوں اور ڈرونز کے حملوں کے بعد کویت انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی جبکہ متعدد تنصیبات کو نقصان پہنچنے اور زخمیوں کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

کویتی وزارت دفاع کے مطابق فضائی دفاعی نظام نے رات گئے دشمن کے متعدد میزائلوں اور ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کر دیا۔ وزارت کا کہنا ہے کہ شہریوں نے جو زوردار دھماکوں کی آوازیں سنیں وہ فضائی دفاعی نظام کی کارروائی کا نتیجہ تھیں۔

کویت کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اعلان کیا کہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر تمام پروازیں اگلے حکم تک معطل کر دی گئی ہیں جبکہ بعض بین الاقوامی پروازوں کو دیگر ہوائی اڈوں کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔

دوسری جانب ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ امریکی فوج نے آبنائے ہرمز کے قریب ایک ایرانی آئل ٹینکر اور بعد ازاں قشم جزیرے پر واقع ایک مواصلاتی ٹاور کو نشانہ بنایا۔ ایرانی بیان کے مطابق اس کے جواب میں ایران نے امریکی اور اسرائیلی مفادات سے وابستہ بحری جہاز اور خطے میں موجود بعض امریکی فوجی تنصیبات پر میزائل اور ڈرون حملے کیے۔

پاسدارانِ انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ ایرانی مفادات پر کسی بھی حملے کا جواب پہلے سے زیادہ سخت اور مختلف انداز میں دیا جائے گا۔ بیان میں کہا گیا کہ امریکہ کو حالیہ کارروائیوں سے سبق سیکھنا چاہیے اور آبنائے ہرمز کے امن کو خطرے میں ڈالنے کی ہر کوشش کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔

عالمی مبصرین کے مطابق اگر دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا تو اس کے اثرات نہ صرف مشرق وسطیٰ بلکہ عالمی تیل کی منڈی اور بین الاقوامی تجارت پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں