تلنگانہ ساڑھے چار کروڑ عوام کی ملکیت: پون کلیان کے پاکستان والے بیان رپ کے ٹی آر کا سخت ردعمل

حیدرآباد (دکن فائلز) بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) کے کارگزار صدر کے ٹی راما راؤ نے آندھرا پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ پون کلیان کے حالیہ بیان پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ تلنگانہ کسی ایک جماعت یا فرد کی جاگیر نہیں بلکہ ریاست کے ساڑھے چار کروڑ عوام کی مشترکہ ملکیت ہے۔

پون کلیان نے 2 جون کو انہیں حیدرآباد میں جلسہ کی اجازت نہ ملنے کے بعد بھڑک اٹھے اور کہا تھا کہ ’حیدرآباد، پاکستان نہیں ہے، میں کہیں بھی جاسکتا ہوں‘۔ اس بیان کے بعد تلنگانہ کے عوام نے بھی پون کلیان پر سخت تنقید کی۔

کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ ریاست دہائیوں پر محیط عوامی جدوجہد، قربانیوں اور ہزاروں کارکنوں کی محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی شناخت، ثقافت اور عوامی جذبات کا احترام ہر سیاسی رہنما پر لازم ہے۔

بی آر ایس رہنما نے الزام لگایا کہ بعض سیاسی عناصر تلنگانہ کی علاقائی شناخت اور عوامی جذبات کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم ریاست کے عوام ایسی کسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام اپنی ریاست، وسائل اور ثقافتی شناخت کے اصل محافظ ہیں اور ریاست کے مستقبل کا فیصلہ بھی یہی عوام کریں گے۔ کے ٹی آر نے مزید کہا کہ تلنگانہ کی تشکیل کے لیے دی گئی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

پون کلیان اور کے ٹی آر کے بیانات کے بعد تلنگانہ اور آندھرا پردیش کی سیاست میں ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے، جس کے آنے والے دنوں میں مزید شدت اختیار کرنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں