تلنگانہ انٹر سپلیمنٹری نتائج کی تاریخ؟ طلبا کےلئے اہم اپ ڈیٹ

حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ میں انٹرمیڈیٹ ایڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات میں شریک طلبا کے لیے اہم خبر سامنے آئی ہے۔ محکمہ تعلیم اور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے اشارہ دیا ہے کہ سپلیمنٹری امتحانات کے نتائج آئندہ پانچ دن کے اندر جاری کیے جا سکتے ہیں۔

ٹی وی نائین کی رپورٹ میں حکام کے حوالہ سے بتایا گیا کہ جوابی پرچوں کی جانچ (ویلیوایشن) اور اسکیننگ کا عمل مکمل ہو چکا ہے جبکہ نتائج کی تیاری سے متعلق آخری تکنیکی مراحل جاری ہیں۔ توقع کی جا رہی ہے کہ 10 جون سے قبل نتائج کا باضابطہ اعلان کر دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ریاست بھر میں انٹر فرسٹ ایئر اور سیکنڈ ایئر کے ایڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات 12 مئی سے 21 مئی تک منعقد ہوئے تھے۔ ان امتحانات میں مجموعی طور پر 3 لاکھ 98 ہزار 358 طلبہ نے شرکت کی۔ ان میں 3 لاکھ 69 ہزار 294 جنرل اور 28 ہزار 703 ووکیشنل طلبا شامل تھے۔

اعداد و شمار کے مطابق فرسٹ ایئر کے 2 لاکھ 67 ہزار 141 جبکہ سیکنڈ ایئر کے 1 لاکھ 30 ہزار 856 طلبا نے امتحانات دیے۔ نتائج کے اجرا کے بعد ٹی ایس ای اے پی سی ای ٹی (EAPCET) کونسلنگ، ڈگری کالجوں میں داخلوں اور دیگر اعلیٰ تعلیمی کورسز کے داخلہ عمل میں تیزی آئے گی۔ اسی لیے محکمہ تعلیم طلبا کو مزید انتظار سے بچانے کے لیے جلد از جلد نتائج جاری کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں