الیکٹریکل انجینئرنگ کی ڈگری کے حامل بیروزگار نوجوانوں کےلئے اہم خبر! اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر کے 49 عہدوں پر درخواستیں طلب: تلنگانہ پبلک سروس کمیشن

حیدرآباد (دکن فائلز) سرکاری ملازمت کے خواہش مند نوجوانوں کے لیے خوشخبری ہے۔ تلنگانہ پبلک سروس کمیشن (TGPSC) نے محکمہ روڈس اینڈ بلڈنگس (R&B) میں اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر (الیکٹریکل) کے 49 عہدوں پر تقرری کے لیے نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اہل امیدوار 8 جون 2026 سے آن لائن درخواستیں جمع کرا سکیں گے جبکہ درخواست داخل کرنے کی آخری تاریخ 15 جولائی 2026 شام 5 بجے مقرر کی گئی ہے۔

ان عہدوں کے لیے امیدوار کے پاس الیکٹریکل انجینئرنگ یا الیکٹریکل اینڈ الیکٹرانکس انجینئرنگ میں بی ٹیک یا مساوی ڈگری ہونا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ اے ایم آئی ای (AMIE) کی اہلیت رکھنے والے امیدوار بھی درخواست دے سکتے ہیں۔

عمر کی حد یکم جولائی 2026 تک 18 سے 44 سال مقرر کی گئی ہے۔ ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور ای ڈبلیو ایس امیدواروں کو پانچ سال جبکہ معذور امیدواروں کو دس سال تک عمر میں رعایت دی جائے گی۔

انتخاب تحریری امتحان کی بنیاد پر ہوگا، جس میں دو پرچے شامل ہوں گے۔ پہلے پرچے میں جنرل اسٹڈیز اور جنرل ایبلٹی کے 150 نمبر جبکہ دوسرے پرچے میں الیکٹریکل اینڈ الیکٹرانکس انجینئرنگ سے متعلق 300 نمبر مختص ہوں گے۔ مجموعی امتحان 450 نمبروں پر مشتمل ہوگا۔

منتخب امیدواروں کو ماہانہ 54,220 روپے سے 1,33,630 روپے تک تنخواہ دی جائے گی۔ کمیشن کے مطابق تحریری امتحان اکتوبر 2026 میں منعقد ہوگا جبکہ ہال ٹکٹ امتحان سے سات دن قبل جاری کیے جائیں گے۔ اس بھرتی کو انجینئرنگ گریجویٹس کے لیے ایک اہم موقع قرار دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں