تلنگانہ میں اسکول طلبا کےلئے خوشخبری! گرمائی تعطیلات میں توسیع، 15 جون سے تعلیمی سرگرمیوں کا ہوگا آغازِ

حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ حکومت نے ریاست بھر کے طلبہ اور والدین کے لیے اہم اعلان کرتے ہوئے سرکاری، امدادی اور نجی اسکولوں کی گرمیوں کی تعطیلات میں مزید توسیع کر دی ہے۔ محکمہ تعلیم کے تازہ احکامات کے مطابق اب ریاست کے تمام اسکول 12 جون کے بجائے **15 جون 2026** کو دوبارہ کھلیں گے۔

اس سے قبل ریاستی حکومت نے 24 اپریل سے 11 جون تک موسمِ گرما کی تعطیلات کا اعلان کیا تھا اور تعلیمی اداروں کو 12 جون سے دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ تاہم مختلف حلقوں، والدین اور تعلیمی اداروں کی جانب سے موصول ہونے والی نمائندگیوں کے بعد محکمہ تعلیم نے اسکولوں کے آغاز کی تاریخ پر نظرثانی کی۔

محکمہ اسکولی تعلیم کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ای ناوین نکولس کی جانب سے جاری احکامات میں کہا گیا ہے کہ 13 جون دوسرے سنیچر اور 14 جون اتوار ہونے کی وجہ سے اسکولوں کو 15 جون، پیر کے روز کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق تعلیمی دنوں کے نقصان کی تلافی اور تعلیمی کیلنڈر کے مطابق تدریسی اوقات کو برقرار رکھنے کے لیے جولائی کے دوسرے سنیچر کو بھی ورکنگ ڈے قرار دیا گیا ہے۔ متعلقہ تعلیمی حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس فیصلے سے تمام اسکولوں، طلبہ اور والدین کو فوری طور پر آگاہ کریں۔

تعطیلات میں توسیع کے فیصلے کا طلبہ اور والدین نے خیر مقدم کیا ہے۔ کئی والدین کا کہنا ہے کہ اضافی تعطیلات سے بچوں کو نئے تعلیمی سال کی تیاری کے لیے مزید وقت ملے گا، جبکہ محکمہ تعلیم نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ آئندہ کسی بھی تازہ اعلان کے لیے سرکاری ہدایات پر نظر رکھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں