حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں جنوب مغربی مانسون کی پیش قدمی کے ساتھ ہی موسم نے کروٹ لینا شروع کر دی ہے۔ محکمہ موسمیات نے حیدرآباد سمیت ریاست کے کئی اضلاع میں شدید بارش، آسمانی بجلی اور تیز ہواؤں کا انتباہ جاری کیا ہے، جبکہ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران حیدرآباد، رنگا ریڈی، میدک، سنگاریڈی، وقارآباد، کاماریڈی اور محبوب نگر اضلاع میں کہیں کہیں موسلادھار بارش ہونے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ ریاست کے بیشتر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
منگل کی شام حیدرآباد کے متعدد علاقوں میں اچانک تیز بارش ہوئی جس کے باعث کئی سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا اور ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شہر اور مضافاتی علاقوں میں اگلے چند گھنٹوں کے دوران مزید بارش ہوسکتی ہے، لہٰذا موٹر سوار احتیاط برتیں۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری یلو الرٹ کے مطابق بعض مقامات پر شدید بارش کے ساتھ آسمانی بجلی گرنے کا بھی خطرہ ہے۔ عوام کو ہدایت دی گئی ہے کہ خراب موسم کے دوران درختوں، بجلی کے کھمبوں اور کھلے مقامات سے دور رہیں۔
ماہرین کے مطابق مانسون کی سرگرمیوں میں مزید اضافہ متوقع ہے جس کے نتیجے میں آنے والے دنوں میں ریاست کے مختلف حصوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔


