محرم الحرام کا چاند نظر آگیا: 26 جون کو یومِ عاشورہ

حیدرآباد (دکن فائلز): مرکزی رویت ہلال کمیٹی صدر مجلس علماء دکن کا ماہانہ اجلاس بضمنِ رویتِ ہلالِ ماہِ محرم الحرام 1448ھ آج شام حسینی بلڈنگ، معظم جاہی مارکٹ، حیدرآباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف مقامات سے موصول ہونے والی شہادتوں اور اطلاعات کا بغور جائزہ لیا گیا۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی صدر مجلس علماء دکن نے شرعی اصولوں اور موصولہ معتبر اطلاعات کی روشنی میں اعلان کیا ہے کہ ماہِ محرم الحرام 1448ھ کا چاند نظر آگیا ہے، لہٰذا 17 جون 2026ء بروز چہارشنبہ یکمِ محرم الحرام ہوگی۔

کمیٹی کے اعلان کے مطابق یومِ عاشورہ (10 محرم الحرام) ان شاء اللہ بروز جمعہ 26 جون 2026ء منایا جائے گا۔

محرم الحرام اسلامی سال کا پہلا مہینہ اور ان چار عظمت والے مہینوں میں سے ایک ہے جنہیں اللہ تعالیٰ نے خصوصی حرمت و فضیلت عطا فرمائی ہے۔ قرآنِ کریم اور احادیثِ مبارکہ میں اس ماہ کی عبادت، ذکر و اذکار، توبہ و استغفار اور نیکیوں کی کثرت کی ترغیب دی گئی ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے رمضان المبارک کے بعد محرم کے روزوں کو سب سے افضل روزے قرار دیا ہے۔

یومِ عاشورہ کی اہمیت
عاشورہ یعنی 10 محرم الحرام اسلامی تاریخ کا نہایت عظیم دن ہے۔ احادیثِ نبوی ﷺ کے مطابق اسی دن اللہ تعالیٰ نے حضرت موسیٰ علیہ السلام اور بنی اسرائیل کو فرعون کے ظلم سے نجات عطا فرمائی، جس پر شکرانے کے طور پر روزہ رکھا جاتا ہے۔ نبی کریم ﷺ نے عاشورہ کے روزے کی بڑی فضیلت بیان فرمائی اور ارشاد فرمایا کہ اس دن کا روزہ گزشتہ ایک سال کے صغیرہ گناہوں کے کفارے کا سبب بنتا ہے۔

اسی ماہ میں نواسۂ رسول ﷺ حضرت امام حسینؓ اور ان کے رفقاء کی عظیم قربانی بھی امتِ مسلمہ کو حق، صداقت، صبر، استقامت اور دین پر ثابت قدم رہنے کا درس دیتی ہے۔ واقعۂ کربلا تاریخِ اسلام کا ایک عظیم باب ہے جو ظلم کے مقابلے میں حق کی سربلندی کی یاد تازہ کرتا ہے۔

علمائے کرام نے عوامِ مسلمین سے اپیل کی ہے کہ اس بابرکت مہینے میں عبادت، تلاوتِ قرآن، ذکر و دعا، صدقہ و خیرات اور روزوں کا خصوصی اہتمام کریں اور امتِ مسلمہ کی سلامتی، اتحاد اور خیر و برکت کے لیے دعائیں کریں۔

اللہ تعالیٰ ماہِ محرم الحرام کو امتِ مسلمہ کے لیے امن، رحمت، مغفرت اور برکت کا ذریعہ بنائے۔ آمین۔

اپنا تبصرہ بھیجیں