نمازِ جمعہ کے دوران مسجد میں خودکش دھماکہ! 16 نمازی جاں بحق، خیبر پختونخوا میں قیامت خیز منظر

حیدرآباد (دکن فائلز) پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں نمازِ جمعہ کے دوران مسجد کے قریب ہونے والے ہولناک خودکش دھماکے نے کئی خاندانوں کو غم میں مبتلا کردیا۔ طاقتور دھماکے میں کم از کم 16 افراد جاں بحق جبکہ 50 سے زائد نمازی زخمی ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں پانچ پولیس اہلکار اور 11 عام شہری شامل ہیں۔

مقامی حکام کے مطابق دھماکہ کوہاٹ میں پرانے پولیس لائنز کے قریب واقع مسجد کے باہر اس وقت ہوا جب لوگ نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے لیے مسجد میں موجود تھے۔ دھماکے کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اس کے نتیجے میں جائے وقوعہ پر گہرا گڑھا پڑ گیا اور مسجد سمیت اطراف کے علاقوں کو بھی نقصان پہنچا۔

یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب مسلمان نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے لیے مسجد میں جمع تھے۔ دھماکے کے نتیجے میں مسجد میں موجود نمازیوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ متعدد افراد زخمی ہوکر ملبے میں دب گئے، جبکہ کئی زخمیوں کو خون میں لت پت حالت میں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکے کے بعد 15 لاشیں اور 50 سے زائد زخمی اسپتال لائے گئے۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ مسجد کی عمارت کو نقصان پہنچا اور آس پاس کی دکانیں اور مکانات بھی متاثر ہوئے۔ بعض اطلاعات کے مطابق مسجد کی چھت بھی منہدم ہوگئی، جس کے باعث نمازی ملبے تلے دب گئے۔

دھماکے کے فوراً بعد علاقے میں قیامت کا سا منظر نظر آرہا تھا۔ ابھی تک کسی تنظیم یا گروہ نے اس خوفناک حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں