کاغذ نگر کے واسوی گارڈن میں ولیمہ کی تقریب کے دوران سنت طریقہ کا خاص خیال رکھا گیا تھا۔ تقریب میں سنت کے مطابق کھانے کا معقول نظم کیا گیا تھا جس میں زمین پر دسترخوان بچھایا گیا تھا۔ تقریب میں شرکت کرنے والوں نے اس اقدام کی سراہنا کی۔
اطلاعات کے مطابق حذیفہ احمد ڈی ایڈ ساکن اولڈ کالونی کا کچھ روز قبل چندراپور اجتماع میں نکاح ہوا تھا جبکہ 4 دسمبر بروز اتوار کو کاغذنگر کے واسوی گارڈن میں تقریب ولیمہ منعقد کیا گیا جس میں سنت کے مطابق نیچے زمین پر بیٹھ کر کھانے کا معقول نظم کیا گیا۔ شرکا نے خوشی کے ساتھ سنت طریقہ سے زمین پر بچھے دسترخوان پر لذیذ ڈشس کھائیں۔
واضح رہے کہ آج کل تمام دعوتوں میں ٹیبل پر کھلانے کا چلن عام ہے جبکہ یہ سنت طریقہ نہیں ہے۔
اسی طرح دولہے کے دسترخوان کو بھی نیچے ہی بچھایا گیا تھا۔ زیادہ تر شرکا تبلیغی جماعت کے تھے۔ اس موقع پر تصویر کشی بھی نہیں کی گئی۔ وہیں دعوت کا اہتمام مغرب کے فوری بعد کیا گیا اور آدھی رات سے قبل ہی تقریب برخواست ہوگئی۔
دولہا حذیفہ احمد کے والد گورنمنٹ ٹیچر ڈانش احمد، تایا منصور احمد ٹیچر، چاچا انیس احمد ٹیچر اس موقع پر موجود تھے۔ دولہا حذیفہ احمد تبلیغی جماعت کے انوارالحق صاحب کے نواسہ ہیں۔
مسلم پرسنل لا بورڈ کی جانب سے فضول خرچی سے پاک نکاح کی تقریب کرنے کی ترغیب دی جارہی ہے۔ اس طرح کی مثالی شادیوں سے لوگوں کو سبق سیکھنے کی ضرورت ہے۔ اس طرح کی سنت کے مطابق ولیمہ کی تقریب منعقد کرنے پر کاغذ نگر کے عوام نے خوشی کا اظہار کیا ہے اور دلہے کو مبارکباد دی۔