کینیڈا میں پہلی بار مشیر برائے اینٹی اسلامو فوبیا کی تقرری

کینیڈا میں بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا کے خطرے سے نمٹنے کے لئے کینیڈین حکام نے پہلی بار خصوصی نمائندہ برائے اینٹی اسلامو فوبیا کو مقرر کردیا۔ حکومت حالیہ برسوں میں ملک میں پے در پے مسلم کمیونٹیز کے ارکان کو نشانہ بنانے کے سلسلہ وار حملوں کے بعد نفرت اور امتیازی سلوک کو روکنے کی کوشش کر رہی ہے۔

اس سلسلے میں کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹرودو نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں اسلاموفوبیا اور امتیازی سلوک کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اس لئے اسلاموفوبیا سے مقابلہ کرنے اور بہتر مستقبل کی تشکیل کے لئے پہلی بار خصوصی نمائندے کے طور پر امیرہ الغوابی (Amira Elghawaby) کو مقرر کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے امیرہ الغوابی کی تقرری کو ’اسلامو فوبیا اور اس کی تمام شکلوں میں نفرت کے خلاف جنگ میں ایک اہم قدم‘ قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ امیرہ الغوابی ملک سے اسلاموفوبیا اور نفرت انگریز رویوں کو ختم کرنے میں بھرپور کردار ادا کریں گی۔

انہوں نے اس اقدام کو ایک ایسے ملک کی تعمیر کی جانب اہم قدم قرار دیا جہاں ہر کوئی بلا تفریق مذہب خود کو محفوظ اور قابل احترام محسوس کرسکے۔

واضح رہے کہ امیرہ الغوابی ایک صحافی اور سماجی کارکن ہیں، وہ انسانی حقوق کے لئے سرگرم رہتی ہیں، کینیڈین ریس ریلیشنز فاؤنڈیشن میں بطور کمیونیکیشن ہیڈ اور روزنامہ ٹورنٹو اسٹار میں بطور کالم نگار کام کرتی ہیں۔ اس سے قبل نشریاتی ادارے CBC میں ایک دہائی سے زائد عرصے تک خدمت انجام دے چکی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں