حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد کے علاقہ فرحت نگر، دبیرپورہ میں واقع جامع مسجدِ بغدادی میں ماہِ مقدس رمضان کی بابرکت ساعتوں میں نمازِ تراویح کے دوران قرآنِ مجید کی تکمیل کے موقع پر ایک روح پرور اور پُر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں قرآن مجید سے عقیدت، محبت اور روحانیت کی خوبصورت جھلک دیکھنے کو ملی۔
حافظ و قاری شعیب اللہ خان نے نمازِ تراویح میں مکمل قرآنِ مجید سنانے کی سعادت حاصل کی۔ قرآنِ حکیم، جو اللہ تعالیٰ کا آخری کلام اور انسانیت کے لیے مکمل ضابطۂ حیات ہے، اس کی تلاوت اور سماعت خصوصاً ماہِ رمضان میں بے حد فضیلت اور اجر و ثواب کا باعث ہے۔ رمضان المبارک وہ مقدس مہینہ ہے جس میں قرآن نازل ہوا، اور اسی نسبت سے اس مہینے میں قرآن سے تعلق کو مزید مضبوط کرنے کی تلقین کی جاتی ہے۔
تقریب میں صدر مسجد کمیٹی ریاض احمد صوفی، سماجی کارکن ادریس جمال کے علاوہ مسجد کے مصلیان سمیت مسجد کمیٹی کے اراکین نے بڑی عقیدت کے ساتھ حافظ شعیب اللہ خان، پیش امام حافظ امان اللہ خان اور موذن جانثار عالم کی گلپوشی کی اور ان کی دینی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس روحانی محفل میں مسجد کمیٹی کے صدر ریاض احمد صوفی، سماجی کارکن ادریس جمال سمیت دیگر معزز شخصیات اور اہلِ محلہ کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے قرآنِ مجید کی تکمیل پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا اور خصوصی دعائیں کیں۔
آخر میں اجتماعی دعا کا اہتمام کیا گیا جس میں عالمِ اسلام کی سلامتی، امت کے اتحاد، اور ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔


