وٹامن ڈی بوڑھے افراد میں ہارٹ اٹیک کے خطرات کم کر سکتی ہے

لندن: ہڈیوں کی مضبوطی کے لیے وٹامن ڈی ایک انتہائی اہم عنصر ہے اور جسم میں کیلشیئم اور فوسفیٹ کی مقدار برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے۔ اب ایک نئی تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ وٹامن ڈی کے سپلیمنٹ 60 برس سے زائد عمر کے افراد میں دل کے دورے جیسے قلبی وقوعات کے خطرات کو کم کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔

تحقیق میں سائنس دانون نے بتایا کہ متعدد مشاہداتی مطالعوں میں وٹامن ڈی کی مقدار اور امراض قلب کے خطرات کے درمیان تعلق دیکھا گیا۔ تاہم، کنٹرول آزمائشوں میں ایسے کوئی شواہد سامنے نہیں آئے جس سے یہ ثابت ہوتا ہو کہ وٹامن ڈی قلبی وقوعات سے بچاتا ہے۔ کنٹرول آزمائش ایسی آزمائش ہوتی ہے جس میں دو گروہوں کے درمیان موازنہ کیا جاتا ہے۔ ایک گروہ کوئی دوا اور دوسرے گروہ کو کوئی پلیسیبو(فرضی دوا) دی جاتی ہے۔

مطالعوں میں موجود اس غیر یقینی کو دور کرنے کے لیے آسٹریلوی سائنس دانوں نے بوڑھے افراد کو وٹامن ڈی کی ماہوار خوراک دے کر بڑے قلبی وقوعات کی شرح میں تبدیلی کی تحقیق کا فیصلہ کیا۔ محققین نے دیکھا کہ وٹامن ڈی کھانے والے والے گروپ میں بڑے قلبی وقوعات کی شرح پلیسیبو گروپ کی نسبت 9 فی صد کم تھی۔ وٹامن ڈی گروپ میں ہارٹ اٹیک کی شرح 19 فی صد اور کورونری ری ویسکیولرائزیشن کی شرح 11 فی صد کم تھی۔ البتہ دونوں گروہوں میں فالج کی شرح میں کوئی فرق نہیں تھا۔

سائنس دانوں نے 60 سے زیادہ عمر کے 20 ہزار سے زائد افراد کا تجزیہ کیا اور نتیجہ اخذ کیا کہ وہ شرکاء جنہوں نے پانچ سالوں تک ہر مہینے کے ابتداء میں وٹامن ڈی سے بھر پور خوراک لی تھی ان میں بڑے قلبی وقوعات کم پیش آئے تھے۔ سائنس دانوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ وٹامن ڈی کے دل پر مرتب ہونے والے اثرات کی پیشِ نظر کسی بھی تجویز سے قبل اس معاملے میں مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

کیٹاگری میں : صحت

اپنا تبصرہ بھیجیں