حیدرآباد (دکن فائلز) امریکہ میں خاتون مچھلی کھانے کے بعد اپنے دونوں ہاتھوں اور پیروں سے محروم ہوگئی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون اپنے چاروں اعضاء سے اس وقت محروم ہوگئی جب اس نے مبینہ طور پر کم پکی ہوئی تلاپیا مچھلی کو کھایا۔ یہ مچھلی مہلک بیکٹیریل انفیکشن سے آلودہ تھی۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ 40 سالہ خاتون کی دوست کے مطابق گزشتہ ایک ماہ سے متاثرہ خاتون مقامی اسپتال میں زیر علاج ہے اور حال ہی میں ان کی سرجری کی گئی ہے۔ مچھلی مقامی مارکیٹ سے خریدی تھی اور گھر میں پکائی تھی اسے کھانے کے بعد خاتون کی حالت خراب ہوگئی اور وہ موت کے منہ میں چلی گئی تھی۔ تاہم ڈاکٹرز نے متاثرہ خاتون کی بگڑتی ہوئی حالت کے پیش نظر اسے کوما میں ڈال دیا تھا کیونکہ اس کے دونوں ہاتھ، ٹانگیں ، ہونٹ کالے ہوچکے تھے جبکہ دونوں گردے فیل ہو رہے تھے۔
متاثرہ خاتون Vibrio vulnificus نامی مہلک بیکٹیریل انفیکشن کی زد میں آگئی تھی جو کچی سمندری غذا یا پانی میں پایا جاتا ہے۔ اس سے محفوظ رہنے کے لئے ضروری ہے کہ سمندری غذا کو اچھی طرح صاف کرکے اور مکمل طور پر پکاکر کھایا جائے۔