برطانوی نشریاتی ادارے نے اپنی رپورٹ میں افغانستان میں طالبان کےکنٹرول سے قبل برطانوی اسپیشل ایئرسروس کے زیر حراست اور نہتے افراد کے غیر قانونی قتل میں ملوث ہونے انکشاف کیا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے نےاپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ایس اے ایس کے ایک یونٹ نے 6 ماہ میں ممکنہ طورپر 54 افراد کو غیرقانونی طور پر قتل کیا جبکہ اسپیشل فورسز کے سابق سربراہ جنرل سر مارک کارلٹن اسمتھ قتل کی تحقیقات میں ثبوت دینے میں ناکام رہے۔
جنرل مارک کارلٹن اسمتھ کو مبینہ غیر قانونی قتل کے بارے میں بریفنگ دی گئی تھی لیکن انہوں نےرائل ملٹری پولیس کو شواہد نہیں دیے۔
جنرل کارلٹن اسمتھ اور برطانوی وزارت دفاع نے افغانستان میں غیرقانونی قتل سے متعلق رپورٹ پرتبصرہ کرنے سے انکار کردیا ہے۔
برطانوی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ تبصرہ کرنے سے انکار کو الزامات کی حقیقت کی درستی کے طور پر نہیں لیا جانا چاہیے، برطانوی فوج نے افغانستان میں جرأت، پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ خدمات انجام دیں۔