حیدرآباد : غوث نگر اسکول میں فرّوق سلطانہ کی جانب سے “آؤ اردو سیکھیں” کتابوں کی مفت تقسیم، صدر مدرس شاہد علی حسرت، اسٹاف اور طلبا کی جانب سے اظہار تشکر

حیدرآباد (پریس نوٹ) مائی چوائس این جی او کی سرگرم کارکن اور اردو دوست خاتون محترمہ فروق سلطانہ صاحبہ کی جانب سے محمد عبدالوحید حمیدی کی کتاب” آؤ اردو سیکھیں” کی مفت تقسیم عمل میں آئی۔

واضح رہے کہ یہ کتاب انگریزی میڈیم سے اردو میڈیم میں داخلہ لینے والے طلبہ کو انتہائی قلیل وقفے میں روانی سے اردو پڑھنے والا بناتی ہے ، غوث نگر اسکول میں بھی پچھلے دنوں انگریزی میڈیم سے اردو میڈیم میں طلبۂ کی خاصی تعداد نے داخلہ لیا ہے جن کو اردو سیکھنے اور روانی سے پڑھنا سکھانے کے لیے صدر مدرس شاہد علی حسرت نے اس کتاب کی فراہمی سے متعلق محترمہ فروق سلطانہ سے نمائندگی کی تھی۔اور ایک ہفتے کے قلیل عرصے میں ہی انہوں نے متعلقہ طلبۂ میں اس کتاب کی تقسیم عمل میں لائی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعلیم سے مراد طلبۂ کی پوشیدہ جبّلی صلاحیتوں کو ابھارنا ہے اور ان صلاحیتوں کے ذریعے اس طلبۂ کی شخصیت کی تعمیر کرنا ہی تعلیم کا بنیادی مقصد ہے اور انہوں نے غوث نگر اسکول کے انتظامیہ اساتذہ اور طلبۂ کی خوب پذیرائی کی اور مستقبل میں اسی طرح تعلیمی تعاون جاری رکھنے کا وعدہ کیا۔

بعد ازاں شاہد علی حسرت نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی آپ تعلیم کے حصول کے لئے کمر بستہ ہوں گے تو آپ کی مدد کے لیے اللہ تبارک و تعالٰی بہت سارے لوگوں کو کھڑا کرے گا۔

اس موقع پر اساتذہ کرام محترمہ نجمہ بیگم ، عطیہ بیگم، حمیرا فاطمہ، عارفہ بیگم ،دیویا اکشایا ،نازیہ بیگم ،رقیہ سلطانہ ،سوری ولیمز ،اور مائی چوائس این جی او کے ذمہ داران موجود تھے۔ جلسہ کی کاروائی شاہد علی حسرت نے چلائی اور عارفہ بیگم نے اظہار تشکر کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں