حیدرآباد (پریس نوٹ) جماعت اسلامی ہند یاقوت پورہ کے زیر اہتمام گرینڈ فیسٹیول پیالس، سنتوش نگر میں حقوق ہمسایہ مہم کا اختتامی خصوصی اجتماع عام منعقد ہوا۔رکن مرکزی مجلس شوریٰ جماعت اسلامی ہنداور ہفت روزہ دعوت کے ایڈیٹر پروفیسر فہیم الدین احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ امت کی تعمیر کے لیے سب سے پہلے اسے مایوسی، احساسِ کمتری اور محرومی کے ذہنی بوجھ سے نکالنا ضروری ہے۔
امت کے اجتماعی کردار کو اسلامی تعلیمات کے مطابق نئے سرے سے مضبوط بنیادوں پر کھڑا کرنا ہوگا۔ انہوں نے زور دیا کہ امت میں علمی مزاج پیدا ہو، افراد علم کے شوقین و محب ہوں اور علم کے حصول کو ہمیشہ اپنی ترجیحات میں مقدم رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ امت ملک کے وسائل اور مسائل دونوں میں فعال شراکت کرے۔
انہوں نے مثبت سیاست کی ضرورت بیان کرتے ہوئے کہا کہ امت ہر ظلم و ناانصافی کے خلاف کھڑی ہو۔ معاون امیر حلقہ جماعت اسلامی ہندحلقہ تلنگانہ مولانا محمد عبدالرقیب حامد لطیفی نے اپنے خطاب میں مسلمانوں کے باہمی تعلقات، خود شناسی، خدا شناسی، حقوق اللہ اور حقوق العباد کی ادائیگی کو ایک صالح اور خوبصورت معاشرے کی بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ جب انسان اپنے رب کو پہچان لیتا ہے اور اس کے بعد بندوں کے حقوق کو قرآن و سنت کے مطابق ادا کرتا ہے تو معاشرہ سنورتا ہے اور ایسی بستیوں پراللہ کی رحمتیں نازل ہوتی ہیں۔
امیر مقامی جماعت اسلامی ہند یاقوت پورہ محمد فاروق طاہر نے افتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے امت مسلمہ کو اپنے فرض منصبی کی ادائیگی اور امر بالمعروف و نہی عن المنکر کو اجتماعی اصلاح کا بنیادی ذریعہ قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ مہم کے دوران مساجد کے ائمہ، خطبا اور ذمہ داران کا اہم اجلاس منعقد ہوا، یاقوت پورہ کی کئی مساجد میں مسلسل دو جمعہ حقوق ہمسایہ پر خطبات جمعہ پیش کیے گئے، جبکہ اسکولوں میں تحریری، تقریری اور ڈرائنگ کے مقابلے منعقد ہوئے جن میں 470 طلبہ و طالبات نے حصہ لیا اور 54 طلبہ کو اول، دوم اور سوم انعامات دیے گئے جبکہ دیگر طلبہ کو ترغیبی انعامات اور سرٹیفکیٹس پیش کیے گئے۔
پروگرام کا آغاز محمد سلمان فضیلت کی تلاوت کلامِ پاک اور ترجمانی سے ہوا۔ نظامت کے فرائض رکن شوریٰ یاقوت پورہ محمد کلیم الدین نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیئے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہند دعوت، اصلاح،تزکیہ اورخدمت خلق کے مشن کے ساتھ اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہے۔مولانا محمد عبد الحفیظ عظیمی،معاون امیر مقامی جناب محمد ذکی الدین، تنظیمی سکریٹری جناب عبد المجیب صہیب،جناب مقصود ہاشمی ودیگر معززین کے علاوہ اجتماع عام میں مرد وخواتین اور طلبا و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔


