حیدرآباد (دکن فائلز) شہر کے فلک نما وٹے پلی علاقہ سے ایک 13 سالہ لڑکی کے لاپتہ ہونے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کو اغوا کا شبہ ہے۔ پولیس، لڑکی کی تلاش کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے۔ لاپتہ لڑکی کی شناخت شفا خان کے طور پر ہوئی ہے جو فلک نما کے وٹّے پلی علاقہ کی رہائشی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شفا 26 نومبر کو کسی کام سے گھر سے نکلی تھی، لیکن اس کے بعد واپس نہیں لوٹی۔ ابتدائی طور پر اہلِ خانہ نے خود ہی لڑکی کی تلاش کی، تاہم جب کوئی سراغ نہ ملا تو یکم دسمبر کو فلک نما پولیس اسٹیشن میں باضابطہ شکایت درج کرائی گئی۔ پولیس نے معاملہ کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے اغوا کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔
پولیس نے لڑکی کو جلد از جلد تلاش کرنے اور محفوظ بازیابی کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔ فلک نما پولیس نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ اگر کسی کو لڑکی کے بارے میں معمولی سی بھی معلومات حاصل ہوں تو فوری طور پر پولیس سے رابطہ کریں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں کے تعاون سے ہی اس معاملے کو جلد حل کیا جا سکتا ہے اور بچی کو بحفاظت اس کے اہلِ خانہ تک پہنچایا جا سکے گا۔


