ایک بچے نے اپنے دوست کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اسے 100 یوٹیوب سبسکرائبرز پورے ہونے پر لکڑی کا پلے بٹن بطور تحفہ دیا۔ ننھے بچوں کی دوستی نے سوشل میڈیا صارفین کے دل جیت لیے۔
ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر جب کوئی اپنا چینل بناتا ہے تو اسے سبسکرائبرز کی مخصوص تعداد مکمل کرنی ہوتی ہے۔ جب یوٹیوبر اپنا ہدف مکمل کرلیتا ہے تو اسے انعام کے طور پر سلور، گولڈن، ڈائمنڈ اور ریڈ ڈائمنڈ پلے بٹن سے نوازا جاتا ہے۔
گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پرایک ٹوئٹر پوسٹ وائرل ہوئی جس میں صارف نے لکھا کہ میرے بیٹے نے 100 سبسکرائبرز حاصل کرلیے اسی خوشی میں اس کے دوست نے اسے لکڑی کا پلے بٹن تحفے میں دیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس پوسٹ میں تصویر شیئر کی گئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بچے نے انتہائی محنت سے لکڑی کا پلے بٹن تیار کیا اور پھر اس پر گلابی رنگ کرکے اپنے دوست کے لیے پیغام بھی درج کیا کہ 100 سبسکرائبرز مکمل ہونے پر آپ کو یہ پیش کیا جارہا ہے۔
اس پوسٹ کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوب پسند کیا جارہا ہے۔ اس پوسٹ کو اب تک 60 ہزار سے زائد لائکس مل چکے ہیں جبکہ 4 ہزار سے زائد بار ری ٹوئٹ کیا جاچکا ہے۔