اداکارہ نرگس فخری نے انکشاف کیا ہے کہ ذہنی و جسمانی تھکاوٹ کی وجہ سے انہوں نے فلموں سے کنارہ کشی اختیار کی تھی۔
اپنے حالیہ انٹرویو کے دوران امتیاز علی کی فلم راک اسٹار سے شہرت حاصل کرنے والی نرگس فخری نے فلم نگری سے دوری سے متعلق بتایا۔
انہوں نے کہا کہ جب وہ اپنے آپ سے خوش نہیں تھیں، اس وقت انہیں کافی ذہنی و جسمانی دباؤ تھا۔
خیال رہے کہ رنبیر کپور کے ساتھ فلم راک اسٹار سے شہرت پانے والی نرگس نے فلم میں تیرا ہیرو، مدراس کیفے اور ہاؤس فل تھری جیسی کامیاب فلموں میں بھی کام کیا۔
تاہم فلم نگری سے اپنی غیر حاضری سے متعلق نرگس کا کہنا تھا کہ ’میری طبیعت خراب ہوگئی تھی، میں بہت زیادہ ذہنی و جسمانی دباؤ میں چلی گئی تھی۔ ‘
انہوں نے بتایا کہ ’جو ادوایات لیں اس نے ان کی روز مرہ کی زندگی کو شدید متاثر کردیا تھا اور ان مسائل کو نظرانداز کرنا بہت مشکل تھا۔‘
نرگس نے کہا کہ میرا جسم مجھ سے کہہ رہا تھا کہ وہ مزید کام کرنے کو برداشت نہیں کرسکتا، لہٰذا اس وقت یہ میرے دماغ میں تھا کہ مجھے بریک لینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بالی ووڈ جیسی انڈسٹری میں آپ کو مستقل کام کرنا پڑتا ہے، ملاقاتیں کرنی ہوتی ہیں اور اشتہارات بھی کرنے ہوتے ہیں، ہر کوئی ریس میں لگا ہوتا ہے جو کبھی ختم نہیں ہوتی، آپ صرف اپنے پروجیکٹس کے درمیان میں ہی چھٹیاں مناتے ہیں۔