سائنسدانوں نے اروما تھراپی (معالجاتی خوشبویات) کی اہمیت پر تحقیق کے بعد کہا ہے کہ دفاتر اور مصروف کاروباری جگہوں پر اگر تناؤ کا سامنا ہو تو ایک سادہ نسخہ آزما کر مزاج بہتر بنایا جاسکتا ہے۔ اس کے لیے دفتر میں گلاب کے عطر کی ایک شیشی رکھنا ہوگی۔
اس ضمن میں مصروف ترین ہسپتالوں میں کام کرنے والے نرسوں کے گلے میں عطر والے لاکٹ پہنائے گئے جس سے گلاب کی خوشبو کے بخارات ان کی ناک تک پہنچ رہے تھے۔ عطر والا ہار پہننے والی نرسوں نے بتایا کہ کام کے دوران کا ذہنی تناؤ کم ہوکر صرف دسویں حصے کے برابر رہ گیا۔ عطرکو جتنا سونگھا گیا ان کا اسٹریس اتنا ہی کم ہونا شروع ہوا۔
ایران میں جامعہ سمنان برائے طبی تحقیق کے ماہرین نے سینکڑوں برس سے آزمودہ عطرِ گلاب کے انسانی تجربات کئے ہیں اور انہیں ڈپریشن اور ذہنی تناؤ میں بہت بہتر پایا ہے۔ ان کے مطابق عطرِ گلاب دردِ سر، اعصابی تناؤ اور دیگر امراض میں بھی بہت مفید ثابت ہوتا ہے۔ دوسری جانب خود ایران میں اعلیٰ معیار کا عطرِ گلاب بھی بنایا جاتا ہے۔