گوگل کے ملازمین کی جانب سے وائرل اے آئی چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی (ChatGPT) کے مقابلے کے لیے کمپنی کے تیار کردہ چیٹ بوٹ اپرنٹس بارڈ کی آزمائش کی جارہی ہے۔ یہ اے آئی چیٹ بوٹ گوگل سرچ کے تجربے کو ہمیشہ کے لیے بدل کر رکھ دے گا۔
اس چیٹ بوٹ کے لیے گوگل نے اپنی تیار کردہ لینگوئج ٹیکنالوجی ایل اے ایم ڈی اے (LaMDA) کو استعمال کیا ہے۔ خیال رہے کہ چیٹ جی پی ٹی نے حالیہ مہینوں کے دوران ٹیکنالوجی کی دنیا میں بہت زیادہ مقبولیت حاصل کی ہے۔ اس کو استعمال کرنے والے افراد آسانی سے مطلوبہ تفصیلات حاصل کرسکتے ہیں، مضامین لکھوا سکتے ہیں اور بھی بہت کچھ کرسکتے ہیں۔
گوگل کا تیار کردہ چیٹ بوٹ بھی کافی حد تک چیٹ جی پی ٹی کی طرح کام کرتا ہے جس سے صارفین ڈائیلاگ باکس پر کسی سوال کا جواب حاصل کرسکیں گے۔ مگر چیٹ جی پی ٹی کے مقابلے میں گوگل کا چیٹ بوٹ زیادہ اپ ٹو ڈیٹ ہے اور اس سے حالیہ ہفتوں کے سوالات کے جواب حاصل کرنا بھی ممکن ہے۔