دال کھانا صحت کے لیے نہایت مفید ہے، دال پروٹین سے بھرپور ہوتی ہے اور جسم کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتی ہے۔ دال دراصل خودنی بیج ہیں جس کو پھلیاں بھی کہا جاتا ہے آپ اپنی روزمرہ زندگی میں روٹی، چاول کا استعمال ضرور کرتے ہیں لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ جسم کے لیے دال کا استعمال کیوں ضروری ہے۔
دال پروٹین، فائبر، مائیکرو نیوٹریئنٹس اور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتی ہے جو آنتوں کو غذائیت فراہم کرتی ہے جس سے ہاضمے میں مسائل پیدا نہیں ہوتے اور اس کے کھانے سے قبض، بدہضمی اور تیزابیت سے نجات ملتی ہے۔
دال میں کاربوہائیڈریٹ پائے جاتے ہیں جو اسے سپر فوڈ کا درجہ دیتے ہیں، دال کھانے سے جسم کو مطلوبہ مقدار میں اسٹارچ ملتا ہے اور اس سے توانائی کے جلنے کا عمل سست ہوجاتا ہے ایسی حالت میں یہ بھوک کو کنٹرول کرتی ہے پھر آپ کھانا کم کرنے لگتے ہیں اور آہستہ آہستہ وزن بھی کم ہونے لگتا ہے۔
مٹر، کابلی چنا اور مونگ کی دال کو روزانہ خوراک میں شامل کریں اس کا باقاعدہ استعمال رگوں میں خراب کولیسٹرول کی مقدار کو کم کرتا ہے جس سے دل کی بیماریوں کا خطرہ کافی حد تک کم ہوجاتا ہے۔