(حیدرآبا): اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا کے 40 سالہ سفر کی تکمیل پر ملک بھر میں توسیعی سرگرمیاں انجام دی جاری ہیں، اسی تناظر میں ریاست کے تقریباً تمام اضلاع میں ضلعی و سٹی کانفرنس منعقد ہوئے جس میں عوام الناس بالخصوص طلبہ و نوجوانوں کی بڑی تعداد تک تنظیم کے پیغام کو عام کیا گیا۔ اسی سلسلہ میں شہر حیدرآبادمیں دو روزہ عظیم الشان ریاستی کانفرنس کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے جو 22 اور 23 اکتوبر 2022، بروز ہفتہ، اتوار بمقام نمائش گراونڈ نامپلی پر منعقد ہوگی۔ان خیالات کا اظہار ایس آئی او کے ذمہ داران نے میڈیا پلس آڈیٹوریم پر منعقدہ ایک پریس میٹ میں کیا۔
پریس میٹ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طلحہ فیاض الدین، صدر حلقہ ایس آئی او تلنگانہ نے کہا کہ ایس آئی او گزشتہ چالیس سالوں سے طلبہ و نوجوانوں کے تزکیہ و تربیت اور سماج کی تعمیر نو کے لیے ان کی تیاری کا کام کررہی ہے، موجودہ حالات میں جہاں ظلم و زیادتی کا گھٹا ٹوپ اندھیرا چھایا ہوا ہے اور انسانیت نفرت کی زد میں آچکی ہے اور منظم انداز میں نفرت کو عام کرنے کا کام چل رہا ہے، ان حالات میں سماج کی رہنمائی کرنے اور انہیں یاس و قنوطیت کی کیفیت سے نکال کر امید کی شمع جلانے نیز مستقبل کی راہ دکھانے کے لئے ایس آئی او تلنگانہ دو روزہ ریاستی کانفرنس منعقد کررہی ہے، اس کانفرنس میں سماج کے تمام طبقات مرد و خواتین بالخصوص طلبہ و نوجوانوں سے کثیر تعداد میں شرکت کی خواہش کی جاتی ہے۔
کانفرنس کی گیلریز اور متوازی سیشن کی تفصیلات بتاتے ہوئے ڈاکٹر زبیر احمد خان (سٹی پریسیڈنٹ) نے کہا کہ اس دوروزہ کانفرنس میں مختلف سیش ہوں گے، پہلے روزمتوازی سیشن ہوں گے، 22 اکتوبر صبح 10 بجے تا 1 بجے بچوں کا سیشن ہوگا جس میں نوعمر طلبہ کی جانب سے دلچسپ پروگرامز ہوں گے، اسی دوران طلبہ مدارس کے لیے متوازی خصوصی سیشن ہوگا جس میں موجودہ حالات میں طلبہ مدارس کے کردار اور ان کی صلاحیتوں کے ارتقا کے ضمن میں پروگرام رہیں گے۔ دوپہر 2 بجے تا 5 بجے انجینئرنگ اور میڈیکل طلبہ کے لیے علیحدہ متوازی سیشن ہوں گے جس میں ان میدانوں کے ماہرین کے ذریعہ طلبہ کی رہنمائی کی جائے گی۔ شام 6:30بجے کلچرل سیشن ہوگا جس میں طلبہ مختلف ثقافتی سرگرمیاں انجام دیں گے۔
محمد قیام الدین (سکریٹری حلقہ ایس آئی او تلنگانہ) نے کہا کہ کانفرنس کے دوسرے دن عوامی سیشن ہوں گے،صبح 10:30 بجے ایک اہم سیشن ہوگا جس میں فسطائیت پر مختلف ماہرین گفتگو کریں گے۔ دوسرا سیشن دوپہر 2 بجے سے ہوگا، جس میں سماجی تبدیلی کو موضوع بحث بنایا جائیگا اور شام کا سیشن بعد نماز مغرب ہوگاجس میں استعداد سازی اور مستقبل کی منصوبہ بندی پر ماہرین خطاب کریں گے۔ ان پروگرامز میں ملک کی معروف شخصیات مخاطب کریں گی جن میں بیرسٹر اسد الدین اویسی(رکن پارلیمان حیدرآباد)، مولاناحامد محمد خان(امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند، تلنگانہ)، سید قاسم رسول الیاس (رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ)، محترمہ افسر جہاں (ایڈوکیٹ ہائی کورٹ)، عبد السلام پُتیگے(مدیر وارتھا بھارتی)، جناب محی الدین شاکر صاحب(مرکزی سکریٹری جماعت اسلامی ہند)، ڈاکٹر طلحہ فیاض الدین(صدر حلقہ ایس آئی او تلنگانہ) قابل ذکر ہیں۔
پریس میٹ کے ذریعہ سے ایس آئی او کے ذمہ داران نے عوام الناس بالخصوص طلبہ و نوجوانوں سے اس دوروزہ کانفرنس میں شرکت کرتے ہوئے استفادہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ اس موقع پر برادر محمد قیام الدین(سکریٹری حلقہ)، محمد فراز احمد(میڈیا مینیجر)، ڈاکٹر زبیر احمد خان (صدر مقامی ایس آئی او حیدرآبا)د و دیگر ذمہ داران موجود تھے۔