ممبئی پولیس نے انکشاف کیا ہے کہ سلمان خان کو قتل کی دھمکی کا خط لارنس بشنوئی گروپ کے تین ارکان کی جانب سے بھیجا گیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق پولیس نے بتایا ہے کہ لارنس بشنوئی گینگ کے مبینہ رکن مہاکال عرف سدھیش سوربھ کامبلے نے پوچھ گچھ کے دوران یہ اعتراف کیا ہے کہ اس نے اپنے دو دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر سلمان خان کو دھمکی آمیز خط بھیجا ہے۔
مہاکل کو سدھو موسے والا کے قتل میں ملوث ہونے کے الزام میں گزشتہ ہفتے پونے سے گرفتار کیا گیا تھا اس نے پوچھ گچھ کے دوران تفتیش کاروں کو بتایا کہ لارنس بشنوئی گینگ کے تین ارکان راجستھان سے آئے تھے اور ان میں سے ایک نے یہ خط باندرہ بینڈ اسٹینڈ کے علاقے میں ایک بینچ پر رکھا تھا جہاں سلمان کے والد سلیم خان صبح کی سیر کے بعد بیٹھتے ہیں۔یاد رہے کہ خط میں دھمکی دی گئی تھی کہ سلمان خان اور ان کے والد کا بھی جلد ہی موسے والا جیسا حال کر دیں گے، جبکہ بدھ کے روز دہلی کی پولیس نے یہ بھی انکشاف کیا تھا کہ گینگسٹر لارنس بشنوئی، جو اس وقت ان کی تحویل میں ہے پنجابی گلوکار اور کانگریس لیڈر سدھو موسے والا کے قتل کا ماسٹر مائنڈہے۔