حیدرآباد (دکن فائلز) پیٹ کے اندر بڑی آنت میں ایک کیلو سونا چھپا کر اسے بیرون ملک سے اسمگل کرنے والی ایئرہوسٹس رنگے ہاتھوں پکڑی گئی۔ کہتے ہیں بکرے کی ماں کب تک خیر منائے گی ایسا ہی ایک واقعہ ایئر ہوسٹس کے ساتھ پیش آیا جس نے ایک کیلو سونا مسقط سے ہندوستان اسمگل کرنے کے لیے انتہائی منفرد اور اپنے تئیں پکڑ میں نہ آنے والا طریقہ اختیار کیا لیکن قسمت میں اس کا ساتھ نہ دیا او وہ پکڑی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) نے ایک ایئر ہوسٹس کو حراست میں لیا ہے جس پر اپنے پیٹ کے اندر بڑی آنت میں ایک کیلو سونا چھپا کر اسمگل کرنے کا الزام ہے۔حکام نے کیرالہ کے شمالی حصے میں واقع مالابار کے کنور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر خفیہ اطلاع پر سرابھی نامی کیبن کریو خاتون کو روکا جس کا تعلق کولکاتا سے بتایا جاتا ہے اور جب اس کی تلاشی لی گئی تو معلوم ہوا کہ اس نے سونا پیٹ کے اندر بڑی آنت میں چھپایا ہوا تھا۔
ایئرہوسٹس کو گرفتار کرنے کے بعد تفتیش کی گئی جس سے معلوم ہوا کہ ملزمہ اس سے قبل بھی کئی بار سونا اسمگل کر چکی ہے۔ اس انکشاف کے بعد اسمگلنگ گینگ میں کیرالہ سے تعلق رکھنے والے افراد کے ملوث ہونے کی بھی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ دوسری جانب پولیس نے اسے مقامی مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کرکے 14 دن کے ریمانڈ پر ویمن جیل بھیج دیا گیا۔ ملک میں اس نوعیت کا یہ پہلا کیس ہے جس میں ایئر لائن کے عملے کے کسی رکن کو بڑی آنت میں سونا اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔