بالی ووڈ اداکارہ ودیا بالن رنویر سنگھ کے برہنہ فوٹو شوٹ کے معاملے پر اُن کا ساتھ دینے میدان میں آگئیں۔
اطلاعات کے مطابق صحافی نے ودیا بالن سے رنویر سنگھ کے برہنہ فوٹو شوٹ سے متعلق پوچھا جس پر اداکارہ نے کہا کہ اس میں حرج ہی کیا ہے، کیا پہلی بار کسی آدمی نے ایسا کیا ہے؟
رنویر سنگھ کے خلاف درج ہونے والی ایف آئی آر پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ودیا بالن نے کہا کہ شاید ان کے پاس کرنے کو زیادہ کام نہیں ہے اور اسی لیے وہ اپنا سارا وقت اس سب پر ضائع کر رہے ہیں۔
ودیا بالن نے کہا کہ اگر آپ کو یہ تصاویر پسند نہیں تو نہ دیکھیں، دور رہو، جو چاہو کرو، ایف آئی آر کا چکر کیوں؟
واضح رہے کہ بالی ووڈ کی کئی مشہور شخصیات رنویر سنگھ کی حمایت میں سامنے آئی ہیں۔
کچھ دن پہلے عالیہ بھٹ نے بھی اس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ مجھے اپنے پسندیدہ رنویر سنگھ کے بارے میں کوئی منفی بات پسند نہیں ہے، میں ان سے پیار کرتی ہوں، وہ ہم میں سے ہر کسی کے لیے ہمیشہ کے لیے پسندیدہ رہیں گے۔
عالیہ بھٹ کا کہنا تھا کہ رنویر سنگھ نے ہمیں فلموں میں بہت کچھ دیا ہے لہٰذا ہمیں اسے صرف پیار دینا چاہیے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں اداکار کی جانب سے کروائے گئے برہنہ فوٹو شوٹ کے بعد 26 جولائی کو ممبئی کی ایک نان گورنمنٹ آرگنائزیشن (این جی او) نے پولیس کو مقدمہ دائر کرنے کی درخواست جمع کروائی تھی۔
اطلاعات کے مطابق این جی او کی درخواست پر ممبئی پولیس نے اسی روز ہی اداکار کے خلاف تعزیرات ہند اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمہ دائر کیا۔