تھائی لینڈ میں نائٹ کلب میں آتشزدگی کے واقعے میں 13 افراد ہلاک اور 41 زخمی ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق جنوب مشرقی صوبہ چھونبوری میں رات گئے کلب ماؤنٹین بی نائٹ اسپاٹ میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے بڑی جگہ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
13 people have died and over 40 have been injured as a result of a heavy fire at a pub in the eastern Thai province of Chonburi.
The incident took place at the Mountain B Pub in the Sattahip district.#Thailand #nightclub pic.twitter.com/xF2hG63Yo5— PANDEY ISHTKAM 🕉️🇮🇳 (@Ishtkam) August 5, 2022
کلب کی دیواروں پر آتش گیر فوم لگے ہونے کی وجہ سے آگ کی شدت میں اضافہ ہوا اور کئی لوگوں کو جان بچانے کا موقع نہ مل سکا۔
شراب کے نشے میں دھت اور رقص و موسیقی کے شور کے باعث متعدد لوگوں کو شروع میں پتہ ہی نہ چلا کہ کیا آفت پیش آئی ہے اور جب صورتحال کی سنگینی کا اندازا ہوا اس وقت تک بہت دیر ہوچکی تھی اور آگ نے باہر نکلنے کے رستے بند کردیے تھے۔
انٹرنیٹ پر واقعے کی ویڈیوز سامنے آئیں جس میں لوگ چیختے چلاتے کلب سے باہر بھاگ رہے ہیں اور ان کے کپڑوں میں آگ لگی ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ موقع پر پہنچی اور 2 گھنٹے میں آگ پر قابو پایا۔
ہلاک شدگان میں 4 خواتین اور 9 مرد ہیں جن کی لاشیں دروازے، بیت الخلا اور ڈی جے بوتھ کے پاس ملیں۔ سب لوگ مقامی شہری ہی تھے۔
پولیس نے آگ لگنے کی وجہ معلوم کرنے کےلیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ تھائی وزیراعظم جنرل برایوت چن اوچا نے ملک بھر میں کلبز کے مالکان سے کہا ہے کہ اپنے ہاں ہنگامی اخراج کے رستے بنائیں۔
واضح رہے کہ 2009 میں بھی بنکاک میں اس طرح کا واقعہ پیش آیا تھا جب ایک نائٹ کلب میں آگ لگنے سے 60 افراد مرگئے تھے۔