ٹک ٹاک جیسا بننے کی کوشش پر ہونے والی تنقید کے بعد انسٹاگرام کی جانب سے چند ایسے نئے فیچرز متعارف کرائے گئے ہیں جو صارفین کے لیے اپنی حقیقی دنیا کے دوستوں سے رابطہ کرنا آسان بنائیں گے اور بظاہر ٹوئٹر کی جگہ لینا بھی آسان ہوجائے گا۔
میٹا کی زیرملکیت ایپ میں کئی تبدیلیاں کی جارہی ہیں جن میں سے سب سے اہم نوٹس نامی فیچر ہے۔
یہ وہ فیچر ہے جس کے بارے میں ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ میٹا کی جانب سے اسے ٹوئٹر کے مقابلے پر لانے کے لیے غور کیا جارہا ہے۔
نوٹس فیچر سے صارفین اپنے دوستوں سے ٹیکسٹ اور ایموجی سے رابطہ کرسکیں گے، یعنی تصاویر اور ویڈیوز کا استعمال نہیں ہوگا جو انسٹاگرام میں ایک نئی چیز ہے۔
انسٹاگرام نوٹس کسی حد تک ٹوئٹر سے ملتا جلتا فیچر ہے مگر اس کے استعمال کا طریقہ مختلف ہے۔
اسے استعمال کرنے کے لیے صارف کو اپنے ان باکس کے ٹاپ پر اپنے ایسے فالوورز کو سلیکٹ کرنا ہوگا جن کو وہ خود بھی فالو کرتا ہو یا وہ کلوز فرینڈز لسٹ میں شامل ہوں۔
میٹا کی زیرملکیت فوٹو شیئرنگ ایپ کا یہ ٹیکسٹ پر مبنی فیچر صارفین کو اپنے خیالات دوستوں کے ساتھ شیئر کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔