’ٹینس کی تاریخ آپ کے بغیر نامکمل‘ ثانیہ مرزا ٹینس کو خیرباد کہتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں، شعیب ملک کا ردعمل بھی سامنے آگیا

ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے ٹینس کورٹ کو ہمیشہ کیلئے خیرباد کہہ دیا۔ آسٹریلین اوپن کے مکسڈ ڈبلز فائنل میں ثانیہ مرزا اور انکے ساتھی روہن بوپنا کو برازیلین جوڑی کے ہاتھوں 6-7 اور 2-6 سے شکست ہوئی۔

میچ کے اختتام پر حریف ٹیم کو جیت کی مبارکباد دی اور گفتگو کے دوران انکی آنکھوں میں آنسو آگئے، انہوں نے کہا کہ میرا پروفیشنل کیرئیر میلبرن سے شروع ہوا اور کیرئیر کے اختتام کیلئے اسی جگہ کو چنا۔ اس حوالے سے ثانیہ مرزا کا کہنا تھا کہ ’روڈ لیور ارینا میرے لیے ہمیشہ ہی خاص رہا ہے۔ میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں یہاں اپنے بیٹے کے سامنے گرینڈ سلام کا فائنل کھیل سکوں گی۔‘

ثانیہ مرزا کی ٹینس سے ریٹائرمنٹ پر ان کے شوہر اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کا ردعمل سامنے آگیا۔ تاہم شعیب ملک نے اپنی اہلیہ ثانیہ مرزا کے ٹینس سے ریٹائر ہونے پر سوشل میڈیا پر ایک خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ’ آپ اسپورٹس ویمن کے لیے ایک بہت بڑی امید ہیں، آپ نے اپنے کیرئیر میں جو کچھ حاصل کیا مجھے اس پر فخر ہے ‘۔

شعیب ملک نے مزید لکھا کہ’ آپ بہت لوگوں کے لیے ایک انسپیریشن ہیں ، آپ اسی طرح مضبوط رہیں، ناقابل یقین کیرئیر پر ڈھیروں مبارکباد ‘۔

واضح رہے کہ ثانیہ مرزا کیرئیر کا آخری انٹرنیشنل ایونٹ فروری میں دبئی میں کھیلیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں