(ایجنسیز) خانہ کعبہ کے مرکزی دروازے اور حجرِ اسود کا خول تیار کرنے والی فیکٹری کے مالک عاشق حسین انتقال کر گئے۔ محمد عاشق حسین پاکستانی نژاد تھے۔ مرحوم محمد عاشق حسین کی گولڈ فیکٹری سعودی عرب میں واقع ہے جسے خانۂ کعبہ کا مرکزی دروازہ، میزابِ رحمت (پرنالہ) اور حجرِ اسود کا خول تیار کرنے کا شرف حاصل ہے۔
محمد عاشق کا شمار سعودی عرب میں سونے کے بڑے تاجروں میں ہوتا تھا۔ محمد عاشق نے خانہ کعبہ کے مرکزی دروازے کی تنصیب اپنے ہاتھوں سے کی تھی ، 200 کلو سونے سے بنے بیت اللہ شریف کے دروازے کی تعمیر و تنصیب کی سعادت ان کی کمپنی کو حاصل ہوئی۔ خانہ کعبہ کی چھت سے بارش کے پانی کو نیچے لانے کے لیے رحمت کا پرنالہ بھی محمد عاشق کی کمپنی نے ہی تیار اور تنصیب کیا۔
محمد عاشق نے بتایا تھا کہ 1978 میں سعودی حکومت نے بیت اللہ شریف کے مرکزی دروازے کو تبدیل کرنے کا کام ایک لبنانی کمپنی کو دیا تھا جس نے بیت اللہ شریف کا دروازہ ڈیزائن کیا تھا۔ محمد عاشق نے پوری دلجمعی سے بیت اللہ شریف کے دروازے کو 200 کلو سونے سے بنایا تھا، اس کی تنصیب دن رات کی محنت سے 15 روز میں مکمل ہوئی۔
محمد عاشق نے اِن خدمات کے صلے میں خانہ کعبہ کی وہ مٹی بطور سعادت مانگی تھی جو خانہ کعبہ کے دروازے اور حجر اسود کی تنصیب کے دوران جمع ہوئی تھی۔