(ایجنسیز) وفا نامی خاتون شوہر کی موت کے بعد اس کی دائمی جدائی کا دکھ برداشت نہ کر سکی اور اپنے نام کی طرح شوہر سے وفا کرتے ہوئے اس کے ساتھ ہی دنیا سے کوچ کر گئی۔ العربیہ نیوز کے مطابق ازدواجی محبت کا یہ نا قابل فراموش واقعہ مصر کی کمشنری البحیری میں پیش آیا جہاں شوہر کی وفات پر 35 سالہ رفاقت ٹوٹنے کی اطلاع ملتے ہی اس کی اہلیہ کی سانس کی ڈور بھی ٹوٹ گئی۔
متوفی شوہر قدری العیسوی کی تدفین کی تیاریاں جاری تھیں کہ انہیں خبر ملی کہ متوفی کی اہلیہ جس کا نام ’’وفا‘‘ تھا وہ یہ دکھ برداشت نہ کر سکی اور انتقال کر گئی ہے۔ اہل علاقہ میاں بیوی کی موت کو ان کے بے مثال محبت کا عملی نمونہ قرار دیتے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وفا اپنے نام کی طرح باوفا ثابت ہوئی۔
علاقے کے رہائشی عامر السید نے بتایا کہ دونوں میاں بیوی کی محبت بہت مثالی تھی اور وہ چند دن بھی ایک دوسرے کے بغیر نہیں رہ سکتے تھے۔ وہ سادہ مگر خوش زندگی گزارتے تھے اور ان کے چہرے پر کبھی کسی نے پریشانی کے آثار تک نہیں دیکھے۔