ایک عام عادت ترک کرکے جگر کے تکلیف دہ مرض سے بچا جاسکتا ہے۔
چین میں ہونے والی ایک طبی تحقیق کے مطابق جو افراد زیادہ وقت بیٹھ کر گزارتے ہیں اور کم وقت تک سونے کے عادی ہوتے ہیں ان میں جگر پر چربی چڑھنے کے مرض کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
سن یاٹ سین یونیورسٹی کی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ جن افراد کی رات کی نیند کا دورانیہ کم ہوتا ہے جبکہ دوپہر کو زیادہ وقت تک سوتے ہیں ان میں جگر پر چربی چڑھنے کے مرض کا خطرہ بہت زیادہ ہوتا ہے۔
تحقیق کے مطابق نیند کے معیار میں معتدل بہتری سے جگر کی اس بیماری کا خطرہ 29 فیصد تک کم کیا جاسکتا ہے۔
اس تحقیق میں 5 ہزار سے زیادہ ایسے چینی شہریوں کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا تھا جو جگر پر چربی چڑھنے کے مرض سے متاثر تھے۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ رات گئے سونے کی عادت، خراٹے اور دوپہر میں 30 منٹ سے زیادہ کی نیند سے جگر پر چربی چڑھنے کے مرض کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
محققین نے بتایا کہ ہماری تحقیق میں ایسے شواہد فراہم کیے گئے ہیں جن سے عندیہ ملا ہے کہ نیند کے معیار کو بہتر کرنے سے جگر کے اس تکلیف دہ مرض کا خطرہ کم کیا جاسکتا ہے۔