دار چینی گرم مسالے میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والا مسالہ ہے جس کے صحت پر بے شمار فوائد ہونے کے سبب اِسے زمانہ قدیم سے بطور دوا بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔ دار چینی کو ایک مخصوص درخت کی چھال سے حاصل کیا جاتا ہے، یہ درخت سب سے زیادہ ایشیائی اور افریقی ممالک میں پایا جاتا ہے جن میں پاکستان اور سری لنکا وغیرہ سرِ فہرست ہیں۔
دار چینی اینٹی آکسیڈینٹ اور اینٹی سوزش مرکبات پر مشتمل ہے:
دار چینی کو سُپر فوڈ کا درجہ بھی حاصل ہے کیوں کہ اس میں مسالوں کی نسبت زیادہ اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں جو کہ انسانی مجموعی صحت کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری سمجھے جاتے ہیں۔ غذائی ماہرین کے مطابق ہمارے جسم میں مضر اجزاء وافر مقدار میں موجود ہوتے ہیں جن کے خلاف جدوجہد کرنے کے لیے ہمیں اینٹی آکسیڈنٹس کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ اینٹی اکسیڈینٹس جیسے کہ پولی فینولز (Polyphenols) دراصل ایسے مالکیولز کو پیدا ہونے سے روکتے ہیں جو ہمارے جسم کے لیے نقصان دہ ہوتے ہیں۔
ایک تحقیق کے مطابق 26 مسالوں میں جب اینٹی آکسیڈنٹس کی موجودگی کا مقابلہ ہوا تو دار چینی واضح طور پر فاتح قرار پائی، یہاں تک کہ اس نے سپر فوڈ کہلائے جانے والی ادرک کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔