سابق حسینہ عالم اور بولی وڈ اداکارہ 46 سالہ سشمیتا سین نے اس بات پر شکرانے ادا کیے ہیں کہ وہ تین بار شادی کرتے کرتے بچ گئیں۔
سشمیتا سین نے حال ہی میں اداکارہ ٹوئنکل کھنہ کو دیے گئے انٹرویو میں اپنی ذاتی زندگی سمیت پیشہ ورانہ زندگی پر بھی کھل کر باتیں کیں اور بتایا کہ کس طرح انہوں نے اپنی زندگی میں کریڈٹ کارڈز بھی فروخت کیے۔
سشیمتا سین نے بتایا کہ مقابلہ حسن میں حصہ لینے اور شوبز انڈسٹری کا حصہ بننے سے قبل انہوں نے بزنس کارڈز بھی فروخت کیے اور لوگوں کے گھروں پر جا جا کر ان سے کارڈز خریدنے کی منتیں بھی کیں۔
انہوں نے بتایا کہ دوستوں اور رشتے داروں کی تجاویز کے بعد انہوں نے مقابلہ حسن میں حصہ لیا، جس کے بعد ان کی زندگی یکسر تبدیل ہوگئی اور دیکھتے ہی دیکھتے وہ حسینہ عالم بھی بنیں۔
انہوں نے شوبز زندگی پر بھی کھل کر بات کی اور بتایا کہ انہوں نے کچھ بولڈ کردار بھی ادا کیے مگر ہمیشہ انہوں نے اپنی مرضی کے مطابق کام کیا۔
ایک سوال کے جواب میں سشمیتا سین نے واضح کیا کہ انہوں نے نوجوانی میں ہی بچیوں کو گود لیا تھا، اس وقت انہیں شادی کا خیال تک نہ تھا۔
انہوں نے بچوں کی حوالگی سے متعلق قوانین، ناکام ازدواجی زندگیوں، طلاق اور تنہا ماؤں کی جانب سے بچوں کی پرورش جیسے مسائل پر بھی بات کی۔
سشمیتا سین نے واضح کیا کہ ایسا نہیں کہ انہوں نے گود لی بچیوں کی وجہ سے شادی نہیں کی بلکہ ایسا نہ کرنے کی دوسری وجوہات تھیں۔
اداکارہ نے اعتراف کیا کہ ان کے بہت سارے مرد حضرات کے ساتھ تعلقات رہے اور وہ اچھی شخصیت کے مالک بھی تھے جب کہ ان افراد کو ان کی بیٹیوں نے بھی کھلے دل سے قبول کیا۔
سشمیتا سین کے مطابق انہوں نے اس لیے شادی نہیں کی، کیوں کہ ان کے زندگی میں آنے والے مرد حضرات ایک طرح سے خود کو غیر محفوظ یا مایوس تصور کرتے تھے۔
انہوں نے کسی بھی مرد کا نام لیے بغیر کہا کہ وہ اپنی 46 سالہ زندگی میں تین بار شادی کرتے کرتے بچ گئیں اور انہوں نے تاحال شادی نہ ہونے پر خدا کے شکرانے بھی ادا کیے۔
خیال رہے کہ سشمیتا سین سے متعلق گزشتہ برس کے اختتام تک خبریں تھیں کہ وہ جلد ہی خود سے 16 سال کم عمر بوائے فرینڈ روہمن شال سے شادی کرلیں گی، تاہم دسمبر 2021 میں اداکارہ نے ان سے تعلقات ختم کرنے کی تصدیق کردی تھی۔
سشمیتا سین اور 30 سالہ روہمن شال کے درمیان گزشتہ چند سال سے تعلقات تھے، دونوں ایک ساتھ رہتے رہے ہیں اور خبریں تھیں کہ دونوں جلد شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔
روہمن شال سے قبل بھی سشمیتا سین کے کچھ افراد سے تعلقات رہے اور ان کا نام سابق پاکستانی کرکٹر وسیم اکرم کے ساتھ بھی جوڑا جاتا رہا۔