باقاعدگی سے ورزش کرنے سے کورونا وائرس کا شکار ہونے کے امکانات کم ہوجاتے ہیں۔
برٹش جرنل آف اسپورٹس میڈیسن میں شائع ہونے والی تجزیاتی رپورٹ کے مطابق، باقاعدہ ورزش کرنے سے نہ صرف کورونا ہونے کے خطرات کم ہوجاتے ہیں بلکہ اس انفیکشن کی شدت، اسپتال میں داخلے اور اموات میں بھی کمی ہوتی ہے۔
تحقیق کے مطابق، ہفتے میں 150 منٹ کی معتدل ورزش یا 75 منٹ کی بھرپور ورزش کورونا وائرس کے خلاف صحت کی حفاظت کے لیے بہت مفید ہے۔
ماہرینِ صحت یہ بات جانتے ہیں کہ باقاعدہ ورزش خطرناک انفکیشنز کے خلاف حفاظتی اثرات رکھتی ہے، بلا ناغہ ورزش کرنے سے صحت کے متعدد فوائد حاصل کیے جاسکتے ہیں، جس میں موٹاپے یا ٹائپ 2 ذیا بیطس میں مبتلا ہونے کے امکانات میں کمی بھی شامل ہے۔
پچھلی تحقیقات میں بھی یہ بتایا جاچکا ہےکہ ورزش انفیکشن ہونے کے خطرات اور اس کی شدت دونوں کو انسان کی قوتِ مدافعت کو مضبوط کرکے کم کرسکتی ہے۔