: ایک نئی تحقیق میں خبردار کیا گیا ہے کہ ناخن پالش خشک کرنے کے لیے استعمال کی جانے والی مشین کینسر کا سبب بن سکتی ہے۔ یونیورسٹی آف کیلی فورنیا سان ڈیاگو کے محققین کو ایک تحقیق میں معلوم ہواکہ ناخن پالش ڈرائیر کا استعمال انسانی خلیوں کے ختم ہونے اور خلیوں میں کینسر کا سبب بننے والی تبدیلیوں کا سبب ہوسکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق صحت کے لیے انتہائی مضر ہونے کے باوجود یہ الٹرا وائلٹ نیل لیمپ ممکنہ خطرات کے حوالے سے سوچے سمجھ بغیر فروخت کیے جاتے ہیں۔ یونیورسٹی میں بائیو انجینئرنگ اور سیلولر اور مالیکیور میڈیسن کے پروفیسر لُڈمل ایلگزینڈروف کا کہنا تھا کہ ان آلات کو محفوظ بتا کر فروخت کیا جاتا ہے کہ اس میں کوئی فکر کی بات نہیں لیکن کسی نے بھی اب تک ان آلات اور ان سے متاثر ہونے والےانسانی خلیوں کا مطالعہ نہیں کیا۔
پروفیسر الیگزیڈروف اور ان کے ساتھیوں نے متعدد میڈیکل جرنلز میں شائع ہونے والی رپورٹس کا مشاہدہ کیا کہ وہ لوگ جو باقاعدگی سے جیل مینی کیور کراتے ہیں، جیسا کہ مقابلہ حسن میں حصہ لینے والی خواتین یا بیوٹیشنز، وہ اب انگلیوں کے مخصوص کینسر میں مبتلا ہیں۔