مفتی محمود زبیر قاسمی کے چھوٹے بھائی ڈاکٹر محمد عزیر کو ڈاکٹریٹ کی ڈگری سے نوازا گیا

حیدرآباد (دکن فائلز) جنوبی ہند کے معروف جامعہ گیتم یونیورسٹی نے ڈاکٹر محمد عبد الرحمان عزیر کو ان کے تحقیقی مقالہ ” ٹرانسفارمرس کا فیلئیر تجزیاتی مطالعہ” پر ڈاکٹریٹ کی ڈگری سے نوازا۔ موصوف ریاست کے معروف عالم دین مفتی محمود زبیر قاسمی جنرل سیکریٹری جمعیت علما تلنگانہ و آندھرا کے چھوٹے بھائ اور ڈاکٹر اصغر علی صاحب ریٹائرڈ ہیڈ فزیالوجی ڈیپارٹمنٹ، عثمانیہ میڈیکل کالج حیدرآباد کے چھوٹے صاحبزادے ہیں۔
اس مقالہ کی نگرانی پروفیسر سیتا رامیا، پروفیسر منجوناتھ چاری اور پروفیسر بسوا راجیا کرناٹک نے کی، جبکہ تنقیح پروفیسر مرات یوسل غازی یونیورسٹی انقرہ ترکی، پروفیسر کے ورما IIT بنارس یو پی اور پروفیسر سنتوش کمار عثمانیہ یونیورسٹی نے کی۔ ریزیڈنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر DVVSR ورما نے ڈاکٹر عزیر کو اس منفرد موضوع پر ڈاکٹریٹ حاصل کرنے مبارکباد پیش کی جس کو مختلف تلگو اور انگریزی اخبارات نے شائع کیا۔
ڈاکٹر محمد عزیر کی یہ تحقیق توانائ کے شعبہ میں استحکام اور ملک کی معاشی سرگرمیوں اور پراڈکشن کو بڑھانے میں معاون ہوگی۔ ڈاکٹر عزیر نے بتایا کہ اس مقالہ میں ٹرانسفارمر فیلئیر کو محدود اور کم کرنے کے لیے نہ صرف میانول طریقہ پر بحث کی گئ بلکہ سافٹ ویر اور آرٹیفیشل انٹیلنجس کے استعمال اور طریقہ کار پر بھی اس مقالہ میں روشنی ڈالی گئ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ارٹیفیشل انٹلیجنس سے اس کو مربوط کرنے کے میدان میں وہ مزید تحقیق جاری رکھیں گے۔ واضح رہے کہ عالمی سطح کے ممتاز سائنسی رسائل و جرائد میں اس موضوع پر ڈاکٹر عزیر کے اٹھارہ مقالے شائع ہو چکے ہیں اور ایک سائنسی جریدہ کے بورڈ آف ایڈیٹرس کے وہ ممبر بھی رہ چکے ہیں۔
ڈاکٹر عزیر کی کامیابی پر رشتہ دار، دوست و احباب نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مبارکباد دی اور ان کے روشن مستقبل کےلئے دعا کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں