حیدرآباد (دکن فائلز) یہ عمارت گنی پور میں واقع ہے جو صرف 6 فٹ زمین پر تعمیر کی گئی ہے جبکہ گھر کے اندر سے چوڑائی صرف 5 فٹ ہے۔ 2716.5 فٹ لمبی اور 163 منزلوں پر مشتمل برج الخلیفہ کی عمارت دنیا کی بلند ترین عمارت ہے جو اپنی مثال آپ ہے لیکن ان دنوں ریاست بہار کا برج خلیفہ بھی سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے جس کی وجہ اس برج خلیفہ کی زمین کا 6 فٹ پر تعمیر ہونا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بہار کے علاقے مظفر پور سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں محض 6 فٹ کی زمین پر بنائی گئی 5 منزلہ عمارت نے سب کو حیران کردیا۔ تعمیر کی گئی عمارت گنی پور میں واقع ہے جو صرف 6 فٹ زمین پر تعمیر کی گئی ہے جب کہ گھر کے اندر سے چوڑائی صرف 5 فٹ ہے۔
سوشل میڈیا بلاگر اس عمارت کو بہار کا ’برج خلیفہ ‘ یا بہار کا ’ ایفل ٹاور ‘ قرار دے رہے ہیں، یہی نہیں اس عمارت کا موازنہ تاج محل سے بھی کیا جارہا ہے کیوں کہ عمارت سیاحوں کی توجہ کا مرکز بھی بنی ہوئی ہے جہاں بہار آنے والے سیاح عمارت میں تصاویر لینا نہیں بھولتے۔
5 منزلہ عمارت کی تعمیر اس انداز میں کی گئی ہے کہ بہت کم جگہ ہونے کے باوجود اس میں کچن، باتھ روم اور بیڈ روم سمیت تمام سہولیات موجود ہیں عمارت کو 2 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے جس کے پہلے حصے میں سیڑھیاں اور دوسرے میں کمرے تعمیر کیے گئے ہیں۔
اس عمارت کو 2015 میں سنتوش نامی شخص نے اپنی بیوی کے لیے بنوایا تھا، جوڑے نے اپنی شادی کے بعد 6 فٹ کی زمین خریدی، تھوڑی سی جگہ کے پیش نظر مالک سنتوش نے ایک انجینئر سے ملاقات کے دوران اس عمارت کا نقشہ منظور کروالیا تھا۔ بتایا جارہا ہے کہ عمارت فی الحال کمرشل بنیاد پر کرائے پر دی گئی ہے لیکن اپنی انفرادیت کی وجہ سے سیاحوں میں خاصی مقبول ہے۔