حیدرآباد (دکن فائلز) محکمہ روزگار و تربیت، تلنگانہ حکومت کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر جناب محمد حامد خان صاحب، اپنی 42 سالہ طویل، بے داغ اور مثالی خدمات مکمل کرنے کے بعد آج 31 اکتوبر 2026 کو اپنے عہدے سے سبکدوش ہو گئے۔ اس سلسلے میں ڈائریکٹوریٹ آف ایمپلائمنٹ اینڈ ٹریننگ تلنگانہ واقع گورنمنٹ آئی ٹی آئی ملے پلی کیمپس، حیدرآباد میں ایک شاندار الوداعی تقریب منعقد کی گئی۔
تقریب کی صدارت ڈائریکٹر آف ایمپلائمنٹ اینڈ ٹریننگ تلنگانہ محترمہ کانتی ویسلی آئی۔ اے۔ ایس۔ نے کی۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر جناب پی نرسایا بھی آج سبکدوشی ہوے۔ سب سے پہلے ڈائریکٹر صاحبہ نے شال پوشی و گلپوشی کرتے ہوئے ریٹائر منٹ آرڈر عطاء کیا۔
جناب محمد حامد خان نے اپنی الوداعی تقریر میں کہا کہ انہوں نے 21 جنوری 1985 کو مشیر آباد آئی ٹی آئی میں ٹیکنیکل اسسٹنٹ کے طور پر ملازمت کا آغاز کیا تھا۔ ان کے والد محترم مرحوم جناب محمد احمد خان صاحب کا نومبر 1984 میں دوران ڈیوٹی انتقال ہو گیا تھا، جس کے بعد انہیں ملازمت عطاء کی گئی تھی۔
تین سال وہاں گزارنے کے بعد وہ11 سال گورنمنٹ آئی ٹی آئی اولڈ سٹی، 4 سال ڈی ایل ٹی سی گرلز ملے پلی ، 7 سال آئی ٹی آئی ملے پلی میں خدمات انجام دیں۔ 2009 میں بحیثیت پرنسپل ترقی حاصلِ کر کےانہوں نے گورنمنٹ آئی ٹی آئی انمو لا (نلگنڈہ) میں صرف 7.5 لاکھ روپے کے بجٹ سے 5 ٹریڈز کے 10 یونٹس میں 8 یونٹس کا DGT Delhi سےالحاق حاصل کر کے ریاست میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے ریکارڈ قائم کیا۔
اولڈ سٹی آئی ٹی آئی میں 7 سالہ دور ناقابل فراموش ہے۔ ان کی کوششوں سے بی ڈی ایل نے سی ایس آر کے تحت 3.88 کروڑ روپے کی خطیر رقم دی، جو تلنگانہ کے آئی ٹی آئیز کا پہلا بڑا سی ایس آر پروجیکٹ تھا۔ اس رقم سے ادارہ کی مکمل تزئین و آرائش، نئے کلاس رومس اور ورکشاپس کی تعمیر اور ناجائز تجاوزات سے زمین کو واپس حاصل کر کے چاردیواری کی تعمیر عمل میں آئی۔
ڈائریکٹوریٹ میں بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر اپنے 6 سالہ دور میں انہوں نے ریاست کے 90 فیصد سرکاری آئی ٹی آئیز میں ڈوئیل سسٹم آف ٹریننگ (DST) نافذ کیا اور 180 کمپنیوں کے ساتھ ایم۔ او۔ یوز کرائے۔ ایچ اے ایل کے تعاون سے سی ایس آر کے تحت نیا قائم کردہ گورنمنٹ آئی ٹی آئی گرلز گھٹکیسر کی نئی عمارت کا نقشہ انھوں نے خود تیار کیا جہاں پر اسوقت شاندار پر شکوہ عمارت کھڑی ہے۔
2023 میں GlZ Germany گورنمنٹ نے جرمنی میں ڈوئیل ویٹ ایجوکیشن ٹریننگ اور گرین اسکلز انرجی کی ترقی کے ضمن میں مدعو کیاتھا۔ اس ایک ہفتہ ظویل دورے میں انھوں نے بھارت کی طرف سے نمائندگی کی۔ پردھان منتری سوریہ گھر مفت بجلی یوجنا کے تحت 7000 نوجوانوں کو سولار ٹیکنیشن کی تربیت دے کر تلنگانہ کو قومی سطح پر 5ویں مقام پر پہنچایا۔
سرکاری خدمات کے علاوہ جناب حامد خان 1992 سے 2020 تک تقریبا 28 سال تک دوردرشن حیدرآباد کے اردو نیوز پریزینٹر بھی رہے اور کئی بہترین نیوز ریڈر ایوارڈز حاصل کیے۔
آخر میں انہوں نے تمام ساتھیوں اور اسٹاف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اگر جانے انجانے میں ان سے کوئی تکلیف پہنچی ہو تو انھیں معاف کر دیں۔ تقریب میں ڈائریکٹر جناب کانتی ویسلی صاحبہ کےعلاوہ یس وی ناگیش و ریکھا رانی جوائنٹ ڈائریکٹر س ، ایس راجہ ۔ سیتا رامولو و لنگیا نائک ڈپٹی ڈائریکٹرز ، کے وی چندر شیکھر ، بھاسکر ، سریدھر و رمیش بابو اسسٹنٹ ڈائریکٹرس کے علاوہ تلنگانہ کے سارے اضلاع سے آئے پرنسپلس، ٹریننگ آفیسرس، ٹیکنیکل و ناں ٹیکنیکل اسٹاف و تمام یونین قائدین، وظیفہ یاب اسٹاف، افراد خاندان و دوست احباب نے جناب حامد خان صاحب کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کی آئندہ زندگی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا-


