دبئی کی حیرت انگیز تعمیرات میں اس سال جون میں ایک اورعمارت کا اضافہ ہوا ہے۔ یہ محمد بن راشد لائبریری ہے جسے کتابی صورت میں تعمیر کیا گیا ہے اور سات منزلہ لائبریری پر ایک ارب درہم خرچ کئے گئے ہیں۔
54 ہزار مربع فٹ وسیع لائبریری میں گیارہ لاکھ کاغذی اور ڈجیٹل کتب ہیں جبکہ اس کی عمارت باہر سے ایک کھلی کتاب کی طرح دکھائی دیتی ہے۔
لائبریری میں ہر طرح کے موضوعات پر قیمتی کتابیں، رسائل و جرائد اور نایاب کتب بھی موجود ہیں۔ اس طرح ایک لائبریری میں کل نو کتب خانے سموئے ہوئے ہیں۔ ان سب کے باوجود داخلہ بالکل مفت ہے اور بچوں کے لیے ڈجیٹل اور اصل کتابوں کا ایک مکمل فلور بنایا گیا ہے۔
لائبریری میں سینکڑوں سال قدیم 5000 سے زائد کتب اور جرائد موجود ہیں جو خطے کی تاریخ اور تمدن کو ظاہر کرتے ہیں۔ سب سے نچلی منزل پر 5 سے 11 سال تک کے بچوں کی لائبریری قائم ہیں جہاں آئی پیڈ مفت میں استعمال کئے جاسکتے ہیں اورکئی انسان نما روبوٹ موجود ہیں جو بچوں کی رہنمائی کرتے ہیں۔
لائبریری میں تیزرفتار سہولت کے لیے آپ کتاب ایپ سے آرڈر کرسکتے ہیں اور کتاب کی درخواست کے ساتھ ہی پانچ تیزرفتار روبوٹ میں سے ایک تیزی سے اپنا کام شروع کرتےہیں اورمطلوبہ کتاب لے کر ایک کریٹ میں ڈالتے ہیں جو خاص پٹڑیوں پر پھسل کر آپ تک پہنچ جاتی ہے۔
دبئی اور متحدہ قومی امارات کے تاریخی نقشے، کتابیں اور دیگر مسودے بھی یہاں موجود ہیں جو کتب خانے کو عجائب خانہ بھی بناتے ہیں۔ ان سب کے باوجود لائبریری اب بھی زیرِ تعمیر ہے اور اسٹور میں رکھی ہزاروں کتابیں جلد یہاں لائی جائیں گی۔