فلسطین میں مغربی کنارے کے علاقے جیریکو میں اسرائیلی فورسز نے ایک فلسطینی نوجوان کو فائرنگ کر کے شہید کردیا۔
فلسطینی وزارت صحت کے حکام نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیر کے روز مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے جیریکو میں عقبت جبر کے پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی قابض فورسز نے ایک فلسطینی نوجوان کو گولی مار کر شہید کر دیا۔
عینی شاہدین کے مطابق اسرائیلی فوج نے کیمپ میں چھاپے کے دوران شدید فائرنگ کی، فائرنگ سے 20 سالہ سلیمان عایش عوید شدید زخمی ہوگیا، اسرائیلی فوج زخمی عایش اوید اور مزید 2 افراد کو گرفتار کرکے لے گئی، بعد ازاں اسرائیلی حکام نےفلسطینی اتھارٹی کے سول رابطہ دفتر سے رابطہ کرکے بتایا کہ عوید دوران حراست زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وفات پاچکا ہے۔


