اپنی شرارتی اداؤں اور ستاروں سی چمکتی آنکھوں والی سری دیوی نے کروڑوں مداحوں کے دلوں پر راج کیا، صرف خوبصورتی ہی نہیں بلکہ چارلی چیپلن کی نقل، ناگن کا روپ، بیوی، ماں اور بیٹی کے روپ میں سری دیوی نے ہر کردار ایسا نبھایا کہ وہ ہمیشہ کیلئے امر ہوگیا۔
آنجہانی بالی ووڈ اداکارہ سری دیوی نے 300 سے زائد فلموں میں بے مثال اداکاری کی۔ لیکن ان کے انتقال کے بعد ان کی زندگی کے اہم راز سے پردہ اٹھ گیا۔ میڈیا رپورٹس میں انکشاف کیا گیا کہ سری دیوی نے بونی کپور سے پہلے متھن چکرورتی سے خفیہ شادی کی تھی۔ فلم ”جاگ اٹھا انسان“ کے سیٹ پر متھن اور سری دیوی کی پہلی ملاقات ہوئی تھی، یہیں سے دونوں دوست بنے اور پھر معاملہ محبت تک جا پہنچا جبکہ متھن اس وقت شادی شدہ تھے۔
کچھ عرصے بعد متھن کے علاوہ ہدایتکار اور پروڈیوسر بونی کپور نے جب سری دیوی کی زندگی میں انٹری لی تو متھن اور سری دیوی کے درمیان اختلافات پیدا ہونے لگے، ایک بار تو متھن نے انہیں بونی کپور کو راکھی باندھنے تک مجبور کردیا تھا۔
ذرائع ابلاغ کے دعوؤں کے مطابق کہ متھن اور سری دیوی نے 1985 میں خفیہ شادی کی تھی، لیکن پھر اس خفیہ شادی کی اطلاع متھن کی اہلیہ یوگیتا تک پہنچی تو انہوں نے اپنی جان لینے کی کوشش کی تھی، جس سے متھن گھبرا گئے اور پھر انہوں نے سری دیوی سے دوری اختیار کرلی۔ سری دیوی کی یہ شادی 3 سال تک قائم رہی پھر ان کے درمیان علیحدگی ہوگئی تھی۔ اگر خبروں پر یقین کیا جائے تو یہ متھن چکرورتی کی تیسری شادی تھی۔
پہلی شادی انہوں نے 1979 میں اس زمانے کی مشہور اداکارہ و ماڈل ہیلن لیوک سے کی تھی جو کہ محض 4 ماہ تک ہی چل سکی، ہیلن نے اپنی شادی ٹوٹنے کی وجہ متھن کے یوگیتا بالی سے افیئر کو قرار دیا تھا۔ شاید یہ حقیقت بھی تھی کیونکہ متھن نے اسی سال یوگیتا بالی سے دوسری شادی کرلی تھی۔
یوگیتا لیجنڈ گلوکار کشور کمار کی سابق اہلیہ ہیں، دونوں کے درمیان 1978 میں طلاق ہوگئی تھی۔ یوگیتا بالی خود بھی بالی ووڈ کی اداکارہ رہ چکی ہیں، 70 اور 80 کی دہائی کے دوران انہوں نے متعدد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ متھن چکرورتی اور یوگیتا بالی اب خوشگوار ازدواجی زندگی بسر کر رہے ہیں، دونوں کے 4 بچے ہیں۔
دوسری جانب متھن چکرورتی کے ساتھ بریک اپ کے بعد سری دیوی فلموں میں مصروف ہوگئیں اور پھر 1996 میں انہوں نے بونی کپور سے شادی کرلی۔ بونی نے سری دیوی کیلئے اپنی پہلی بیوی کو چھوڑ دیا تھا، بونی اور سری دیوی کی دو بیٹیاں ہیں۔ یاد رہے کہ فروری 2018 میں سری دیوی کا دبئی میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہوگیا تھا۔