پاکستان شوبز انڈسٹری کی سُپر اسٹار ماہرہ خان نے دوسرے بچے کی متوقع پیدائش سے متعلق میڈیا کے دعووں کی تردید کردی۔ چند ماہ قبل دوسری شادی کرنے والی اداکارہ ماہرہ خان نے حاملہ ہونے کی وجہ سے او ٹی ٹی سیریز’جو بچے سنگ سمیٹ لو‘ سمیت دو بڑے پراجیکٹس سے دستبردار ہونے سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرتی خبروں کی بھی تردید کی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز میڈیا نے بحث و مباحثے کے امریکی پلیٹ فارم ریڈٹ پر گردش کرنے والی ایک پوسٹ کی بنیاد پر دعویٰ کیا تھا کہ اداکارہ کے یہاں دوسرے بچے کی پیدائش متوقع ہے جس کی وجہ سے وہ او ٹی ٹی سیریز ’جو بچے سنگ سمیٹ لو‘ سمیت دو بڑے پراجیکٹس سے دستبردار ہوگئیں ہیں۔
ماہرہ خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ نہ ہی وہ ماں بننے والی ہیں، نا تو وہ کسی او ٹی ٹی سیریز سے دستبردار ہوئی ہیں، جس کے بعد اب ان کی یہ تردیدی خبر بھی سوشل میڈیا پیجز پر وائرل ہوگئی۔
واضح رہے کہ ماہرہ خان نے 2007ء میں علی عسکری سے شادی کی تھی اور 2009ء میں ان کے ہاں ایک بیٹے کی پیدائش ہوئی جس کا نام اذلان ہے۔ بعد ازاں، شادی کے 8 سال بعد 2015ء میں دونوں نے ایک دوسرے سے اپنی راہیں جدا کرلیں۔
علی عسکری سے علیحدگی کے کئی سال بعد اداکارہ ماہرہ خان گزشتہ سال اکتوبر 2023 میں اپنے دیرینہ دوست سلیم کریم کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں۔