’نئی نسل کو تصور خودی پر منصوبہ بند طریقہ سے روشناس کرانا وقت کا تقاضہ‘، ادارہ ہدف کے زیر اہتمام دمام میں محفل اقبال- نوشاد انصاری، اصغر الدین، نعیم جاوید اور دوسروں کا خطاب

دمام 4 مئی (ای میل )ادارہ ھدف، برائے شخصیت سازی دمام (سعودی عرب) کے زیر ِ اہتما م محفلِ اقبال ؔ میں شائقین شعر و نثر نے ایک یادگار محفل سجائی۔ شہر کے مشہور صنعت کار وادب دوست جناب نوشاد انصاری جو Essar Company کے سربراہ ہیں ، نے اس علمی مہم کو سراہا ، تحریکِ عمل پر کلام ِ اقبال سے اشعار سنائے اور بتایا کہ نسلِ نو کو تصورِ خودی پر سلسلہ وار اور منصوبہ بند طریقہ سے روشناس کروایا جائے اور اس میں وہ ہر طرح کی مدد کو تیار ہیں۔

پروگرام کی نظامت جناب محمد ضیاالحسن ندیم نے کمال مہارت ، ادبی حسن اور برمحل اشعار کے ساتھ کی جو محفلِ اقبال کے شایانِ شان تھی۔ خوش گلو فنکاروں نے کلام اقبال کو اپنی آواز کے سحروسوز سے محفل میں جان ڈال دی۔ جس میں جناب نعیم نیازی اور جناب کلیم صدیقی شامل تھے۔ پروگرام میں ادارہ ہدف کے نائب صدر جناب محمد اصغر الدین نے اپنے عالمی سفرمیں اردو زبان کا مقام، زبانوں کی زندگی اور اس سے جڑے مسائل کو وسائل سے جوڑنے پر اصرار کیا تاکہ فکراقبال کی ترسیل ہوسکے۔

اس پروگرام میں شامل کلیدی خطبہ جناب نعیم جاوید کا تھا ۔انھوں نے علامہ اقبال کے سحرآفریں کلام ، صناعی، اشعار سے حاصل زندگی کا شعور اور روحانی نشاط ، موضوعات کی کہکشاں گیر وسعت کا ذکر کچھ اس رنگ میں کیا کہ محفل ہر سطر پر داد و دعاوں سے آباد رہی۔

جناب منشا طاہر نے جناب نعیم جاوید کے کلید ی خطبہ ، ادارے ھدف کی سرگرمیاں ، فکر ِ اقبال کی تفہیم اور اُردو کی نمایا ں خدمات کا ذکر کیا۔ جناب جمشید خان کے کلمات تشکر پر محفلِ فکر و دانش تمام ہوئی۔ اور ایک نئے عزم کے ساتھ یہ پروگرام مکمل ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں